Aaj News

بدھ, دسمبر 04, 2024  
02 Jumada Al-Akhirah 1446  

عدنان صدیقی نے سرفراز سے معافی مانگ لی مگر فہد مصطفی کی ہٹ دھرمی برقرار

پاکستان کے معروف اور سینئر اداکار عدنان صدیقی نے گزشتہ دنوں ایک نجی ٹی وی شو میں قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کا مذاق اُڑایا تھا تاہم اب انہوں نے سرفراز سے معافی مانگ لی ہے۔

گزشتہ دنوں فہد مصطفیٰ کے ٹی وی شو میں اداکار عدنان صدیقی نے سرفراز احمد کے بولنے کے انداز کا مذاق اُڑایا اور اُن کی نقل اُتاری تھی جس کے بعد اُنہیں سوشل میڈیا پر سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑرہا تھا۔

گزشتہ روز شو شروع ہوتے ہی عدنان صدیقی نے کہا کہ میں کچھ کہنا چاہتا ہوں تاہم عدنان کچھ بولتے اس سے قبل ہی فہد مصطفیٰ نے کہا کہ عدنان بھائی آپ ہمارے بڑے ہیں اور آپ مجھے یا سرفراز کو لائیو شو میں تھپڑ بھی ماردیں تو ہمیں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

فہد مصطفیٰ کی اس بات کے باوجود عدنان صدیقی نے اپنے عمل پر لائیو شو کے دوران سرفراز احمد سے معافی مانگی اور سرفراز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کے پرستاروں، آپ کے گھر والوں اور دوستوں سے معذرت چاہتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں قسم کھا کر کہہ رہا ہوں میں نے اس حوالے سے کوئی بات نہیں کی تھی جس سے سرفراز کا یا ان کے دوستوں کا دل دکھے۔

عدنان صدیقی کی معافی پر سرفراز احمد نے بھی عاجزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو کچھ کہنے کی ضرورت نہیں ہے۔ عدنان صدیقی بولے آپ مجھ سے ناراض تو نہیں ہیں جس پر سرفراز نے کہا کہ نہیں میں آپ سے ناراض نہیں ہوں۔

ابھی یہ باتیں چل ہی رہی تھیں کہ فہد مصطفیٰ نے شرارتی مداخلت کرتے ہوئے ایک بار پھر سرفراز کا اسی انداز میں مذاق اُرایا جس طرح عدنان صدیقی نے اُن کی نقل اُتاری تھی۔