Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ارطغرل غازی: ڈبنگ میں "صلیبیوں" کا ذکر ہی غائب کردیا گیا

اپ ڈیٹ 05 مئ 2020 09:26am

کراچی: وزیراعظم کی خواہش پر پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) سے نشر ہونے والے ترک ڈرامے "ارطغرل غازی" کی ڈبنگ  نے ناظرین کو مایوس کردیا۔

ترکی سمیت دنیا کے 57 ممالک میں کامیاب رہنے والا ترک ڈرامہ سیریل پاکستانی حکومتی سرپرستی  میں بدحالی کی جانب گامزن دیکھائی  دے رہا ہے۔

پی ٹی وی سے نشر ہونے والے ارطغرل غازی کی ڈراما سیریز میں جہاں الفاظ کو ہی حذف کرلیا گیا ہے وہیں یہ بات زیر گردش ہے کہ پی ٹی وی انتظامیہ پہلے درلش اتغرل کی ڈبنگ خود کررہی تھی پھر اچانک بغیر کسی وجہ آؤٹ سورس کردیا گیا تھا۔

پی ٹی وی کے پاس ریاست کے تمام وسائل موجود ہونے کے باوجود ترک گیمز آف تھرون کے نام سے مشہور سیریز (ارطغرل غازی) کو  پاکستان میں عوامی مقبولیت حاصل نہیں ہو پارہی ہے جس کی سب سے بڑی وجہ ناقص ڈبنگ اور پکچر کوالٹی ہے ۔

پاکستان ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی اقساط کو دیکھا جائے تو اس سے کہیں بہتر پہلے سیزن کی ڈبنگ نجی ٹی وی چینل کرچکا ہے، جبکہ ڈبنگ کے دوران صلیبیوں یعنی (ٹیمپلرز) کے ذکر کو سرے سے ہی غائب کردیا گیا ہے اور غیر ضروری ایڈیٹنگ سے اسٹوری کو دشوار بنایا گیا ہے۔

ڈبنگ کے دوران عوام کی سب سے بڑی شکایت یہ ہے کہ کسی بھی کردار کی آواز اس سے نہیں ملتی ہے، آوازوں میں احساسات کی شدید کمی ہے جبکہ جملوں کی ادائیگی میں بھی کوئی خوبی نہیں جس سے عوام محظوظ ہوسکیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ارطغرل غازی کی ڈبنگ کا ٹھیکہ جے پروڈکشنز نامی کمپنی جبکہ پروموشن کیلئے کیو لنکس نامی کمپنی کی خدمات حاصل کی گئیں تھیں۔

ترک ڈرامے نے جہاں دنیا میں ریکارڈ توڑ بزنس کیا وہیں پی ٹی وی کے پاس شاندار موقع تھا کہ ارطغرل غازی کی درست انداز میں مارکیٹنگ کرکے نوجوان نسل کو تیار کرتا البتہ پی ٹی وی خود تقسیم نظر آتا ہے۔

دوسری جانب پاکستان ٹیلی ویژن نے  90 کی دہائی کے بعد سے پی ٹی وی پرایسا کوئی ڈرامہ یا سیریز نشر نہیں کی جاسکی ہے جس نے عوامی جذبات کی ترجمانی ہو۔