Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

مطالعہ پاکستان سے نبی کریمﷺ کو آخری نبی تسلیم کرنے کا ذکر حذف؟

اپ ڈیٹ 05 مئ 2020 08:54am

لاہور: نویں جماعت کی نئی مطالعہ پاکستان کی کتاب سے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو آخری نبی تسلیم کرنے کا ذکر نکالنے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کروا دی گئی۔

مسلم لیگ (ن)کے رکن سمیع اللہ خان کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ نہم جماعت کی پرانی کتاب میں لکھا تھا حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو آخری نبی تسلیم کرنا عقیدہ رسالت کا لازمی جز ہے، نئی مطالعہ پاکستان میں لکھا گیا ہے قرآن اور اسوہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو سرچشمہ ہدایت ماننا عقیدہ رسالت کا لازمی تقاضہ ہے۔

Image

متن میں مزید کہا گیا کہ نہم جماعت کی نئی مطالعہ پاکستان سے آخری نبی کا لفظ ہٹادیا گیا، یہ عقیدہ ختم نبوت صلی اللہ علیہ وسلم کو پس پشت ڈالنے کی سازش ہے۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ کوئی بھی سچا مسلمان عقیدہ ختم نبوت پر سمجھوتہ نہیں کرسکتا، نہم جماعت کی نئی کتاب میں تبدیلی فوری ختم کی جائے اور پرانی مطالعہ پاکستان کی کتاب کو دوبارہ نصاب میں شامل کیا جائے۔

قرارداد میں اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی سے درخواست کی گئی ہے کہ اس معاملے کا خصوصی طور پر نوٹس لیں اور اس پر ایوان میں خصوصی بحث کرائی جائے۔

دوسری جانب وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس کا نویں جماعت کی مطالعہ پاکستان کی کتاب میں ختم نبوت کے حوالے مبینہ تبدیلی پر کہنا ہے کہ حال ہی میں نویں جماعت کی مطالعہ پاکستان کی کتاب میں ختم نبوت کے عقیدے میں تبدیلی کے حوالے سے منظر عام پر آنے والی خبر گزشتہ سال جولائی کی ہے، متنازعہ کتاب کے پبلیشرز کے خلاف جولائی 2019 میں ہی بھرپور اور فوری کارروائی عمل میں لائی جا چکی ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس کا مزید کہنا ہے کہ پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ اینڈ کریکولم اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ نویں جماعت کی مطالعہ پاکستان کی کتاب میں ختم نبوت کے حوالے سے کسی بھی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

پی سی ٹی بی کی جانب سے جاری کردہ نویں جماعت کی مطالعہ پاکستان کی کتاب میں پانچویں صحفے پر ختم نبوت کے حوالے سے عبارت واضح لفظوں میں موجود ہے۔

ڈاکٹر مراد راس نے بتایا کہ نجی پبلیشرز کی جانب سے چھاپی گئی متنازع کتاب کی 30 ہزار سے زائد کاپیاں گزشتہ سال ہی ایف آئی آر درج ہونے کے بعد قبضے میں لے لی گئیں تھیں۔

مطالعہ پاکستان کی متنازع کتاب چھاپنے والے نجی پبلیشرز کو گزشتہ سال بلیک لسٹ بھی کر دیا گیا تھا۔ ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ ختم نبوت کا معاملہ ہر مسلمان کے لئے قلیدی اہمیت کا حامل ہے اس حوالے سے کبھی بھی کسی بھی قسم کی تبدیلی قابل قبول نہیں ہو سکتی۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں مراد راس نے مزید کہا کہ پنجاب کے سکولوں میں موجود نویں جماعت کی مطالعہ پاکستان کی کتاب کے صفحے آپ خود دیکھ سکتے ہیں جس میں عقیدہ ختم نبوت واضح طور پر لکھا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سمیع اللہ خان سمیت نون لیگی اراکین کی قیادت لندن اور خود آج کل گھروں میں فارغ بیٹھے ہیں تو میڈیا میں آنے کے لیے من گھڑت پراپیگنڈا شروع کر دیا ہے۔