Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

موت سے قبل اداکار عرفان خان نے آخری الفاظ کیا ادا کئے؟

شائع 29 اپريل 2020 04:14pm

ممبئی: بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار عرفان خان آج کینسر کے مرض کی وجہ سے 53 برس کی عمر میں خالق حقیقی سے جاملے تاہم موت سے قبل انہوں نے جو آخری الفاظ ادا کئے وہ یہ تھے کہ 'دیکھو ماں مجھے لینے آئی ہے'۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کچھ عرصہ قبل عرفان خان کی والدہ کا انتقال ہوا تھا اور عرفان نے اپنی موت سے چند لمحے قبل اپنی اہلیہ کو یہ الفاظ کہے کہ 'دیکھو ماں مجھے لینے آئی ہے'۔

گزشتہ دنوں عرفان خان کی والدہ جے پور میں انتقال کرگئی تھیں تاہم کورونا وائرس کی وجہ سے جاری ملک گیر لاک ڈاؤن کے باعث وہ اپنی والدہ کی آخری رسومات میں شامل نہیں ہوسکے تھے۔

یہ بھی پڑھیئے: بالی ووڈ اداکار عرفان خان انتقال کرگئے

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق انہوں نے ویڈیو کال کے ذریعے والدہ کی آخری رسومات میں شرکت کی تھی اور وہ اپنی والدہ کے انتقال کے باعث شدید غم میں مبتلا تھے۔

اس دوران مرحوم کی طبیعت اچانک بگڑ گئی اور انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔ بدھ کی صبح عرفان خان نے اپنی اہلیہ کو بلایا اور کہا کہ دیکھو ماں آئی ہے، وہ میرے بستر پر بیٹھی ہے، مجھے لینے آئی ہے۔ یہ باتیں سن کر اُن کی اہلیہ خود پر قابو نہ رکھ سکیں اور زار و قطار رونے لگیں۔

واضح رہے کہ 53 سالہ بالی وڈ اداکار عرفان خان میں سال 2018 میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی جس کی اطلاع انہوں نے خود اپنے مداحوں کو دی تھی۔

انہوں نے ٹوئٹر پر پیغام شیئر کیا تھا کہ 'زندگی میں اچانک کچھ ایسا ہو جاتا ہے جو آپ کو آگے لے کر جاتا ہے۔ میری زندگی کے گزشتہ چند برس ایسے ہی رہے ہیں۔ مجھے نیورو اینڈوکرائن ٹیومر نامی مرض ہو گیا ہے۔ لیکن میرے آس پاس موجود لوگوں کے پیار اور طاقت نے مجھ میں امید پیدا کی ہے'۔