Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ایشیا کپ کو آئی پی ایل پر قربان کرنے سے صاف انکار

شائع 24 اپريل 2020 01:44pm

لاہور: پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کہتے ہیں کہ انڈین پریمئیرلیگ کو ایڈجسٹ کرنے کیلئے ایشیا کپ کے شیڈول میں تبدیلی قبول نہیں کریں گے۔

کورونا وائرس کی وجہ سے آئی پی ایل غیرمعینہ مدت تک ملتوی کیا گیا تھا تاہم اب ایونٹ کے ستمبرمیں انعقاد کی قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں۔ پی سی بی کی ایشیا کپ کو موخر کرنے کی مخالفت کردی۔

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے بھارتی خبررساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پی سی بی انڈین پریمئیر لیگ کو ایڈجسٹ کرنے کیلئے ایشیا کپ کے شیڈول میں تبدیلی پراعتراض کرے گا۔

وسیم خان نے کہا کہ ایشیا کپ کا میزبان پاکستان ہے اور اس حوالے سے ہمارا موقف واضح ہے کہ اگرحالات اجازت دیں تو ایشیا کپ شیڈول کے مطابق ستمبرمیں ہی کرایا جائے۔

ایونٹ کو نومبر دسمبر تک موخر کرنے کا مقصد ایک ممبر ملک کیلئے راستہ نکالنا ہے جس کی ہرگز حمایت نہیں کی جاسکتی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو نومبر دسمبر میں زمبابوے کی میزبانی اور نیوزی لینڈ کا دورہ کرنا ہے اس لئے سال کے آخرمیں ایونٹ کی میزبانی کرنا ممکن نہیں ہوگا۔

وسیم خان نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بند دروازوں کے پیچھے کرایا جاسکتا ہے، میگا ایونٹ نہ ہونے کی صورت میں ہر بورڈ کو 15 سے 20 ملین ڈالرز کا نقصان اٹھانا پڑسکتا ہے۔