Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ پر کوئی فیصلہ نہ ہوسکا

شائع 23 اپريل 2020 04:12pm

دبئی: کورونا وائرس کی وجہ سے جاری صورتحال کے باعث عالمی کرکٹ کے بڑے آج سر جوڑ کر پیٹھے تاہم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ پر کوئی فیصلہ نہ ہوسکا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی چیف ایگزیکٹیوز کمیٹی کے ارکان نے آج اہم ٹیلی کانفرنس میں شرکت کی، پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان سمیت 12 فل ممبران اور 3 ایسوسی ایٹ ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اس ٹیلی کانفرنس میں تمام نمائندوں نے کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال میں ساتھ مل کر چلنے کے عزم کا اظہار کیا اور تمام ممالک کے نمائندوں نے اپنے اپنے ملک میں جاری صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔

میٹنگ میں سی ای سی کو تمام آئی سی سی عالمی مقابلوں کیلئے مستقل ہنگامی منصوبہ بندی کے بارے میں آگاہ کیا گیا، جس میں آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2020 اور آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2021 شامل ہیں۔ دونوں ایونٹس کی منصوبہ بندی ابھی جاری ہے۔

اس معاہدے پر اتفاق ہوا تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے متاثرہ ایف ٹی پی پروگرام کا 2023 تک اجتماعی طور پر جائزہ لینے کی ضرورت ہوگی تاکہ ملتوی ہونے والی زیادہ سے زیادہ کرکٹ کو دوبارہ ترتیب دیا جاسکے۔