Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

امریکا: 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے 2000 سے زائد اموات

شائع 11 اپريل 2020 05:59am

نیویارک: امریکا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 2000 سے تجاوز کرگئی ہے۔ جس کے بعد امریکا ایک دن میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ ہلاکتوں والا پہلا ملک بن گیا۔

گزشتہ روز ڈسٹرکٹ کولمبیا سمیت امریکا کی 50 ریاستوں میں کم ازکم 2 ہزار 35 افراد کووڈ 19 سے وابستہ پیچیدگیوں کے باعث ہلاک ہوئے۔ جس کے بعد امریکا میں اس مہلک وائرس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 18 ہزار 725 ہوگئی۔

امریکی میڈیا کے مطابق امریکا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 2 ہزار 318 ہوگئی ہے جب کہ نیویارک میں لاشیں اتنی زیادہ ہوگئی ہیں کہ لاوارث لاشوں کو دفنانے کے لیے مزدور بھرتی کیے گئے ہیں۔

واشنگٹن پوسٹ کے مطابق دنیا بھر میں کووڈ 19 سے مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ تک پہنچ گئی ہے لیکن ماہرین کو خدشہ ہے کہ حالات جان ہوپکنز یونیورسٹی کی جانب سے فراہم کردہ اعدادو شمار سے کہیں زیادہ خراب ہیں، جس کی وجہ چین اور دیگر جگہوں پر شفافیت کا فقدان ہے اور خاص طور پر اسپتالوں کے باہر موت کی وجہ کی تصدیق کرنے میں دشواری ہے۔