Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 4489 ہوگئی

اپ ڈیٹ 09 اپريل 2020 05:42pm
فائل فوٹو

کراچی: ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد اب بڑھ کر 4 ہزار 489 ہوگئی ہے۔ 

پنجاب میں کورونا متاثرین کی تعداد 2 ہزار 241، سندھ میں 1 ہزار 128، کے پی میں 560، بلوچستان میں 212، آزاد کشمیر میں 33، اسلام آباد میں 102 اور گلگت بلتستان میں یہ تعداد 213 ہوگئی ہے۔

 نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نےکوروناوائرس سے متاثرہ افرادکے نئے اعداد وشمارجاری کردیئے۔

ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز میں مزید اضافہ ہوا ہے،گزشہ 24گھنٹےکےدوران کورونا کےمزید 167 کیسز رپورٹ ہوئےجس کے بعد پاکستان میں کوروناوائرس کےمریضوں کی تعداد 4 ہزار 489 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ اپریشن سینٹر کے مطابق،گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک میں کورونا وائرس سے مزید 5 مریض جاں بحق ہوئے،جس کے بعد اموات کی تعداد 63 ہوگئی۔

کورونا وائرس سے سندھ اورخیبرپختونخوا میں 18،18،پنجاب میں 16،گلگت بلتستان میں 3اور بلوچستان میں 2اور اسلام آباد میں ایک ہلاکت ہوئی۔

کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے 572 مریض اب تک صحت یاب ہو چکے ہیں، 3 ہزار 854 افراد اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں جن میں سے 31 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 737 افراد کے کورونا کے ٹیسٹ کئے گئے جبکہ ملک بھر میں مجموعی طور پر اب تک 44 ہزار 896 افراد کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

پچیس اپریل تک کوروناکیسز کی تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ

وفاقی حکومت کا کہنا ہے 25 اپریل تک کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔

حکومت نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے قومی ایکشن پلان کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی۔

حکومت کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں رواں ماہ کے اختتام تک متوقع کیسز سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔

حکومت نے عام،سنگین اورتشویشناک کیسز کی متوقع تعداد سےبھی سپریم کورٹ کو آگاہ کر دیا ہے۔

ملک بھر میں 14اپریل تک لاک ڈاؤن جاری

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد ملک بھر میں 23 مارچ سے جاری لاک ڈاؤن میں 14 اپریل تک توسیع کردی گئی ہے۔

اس کے علاوہ صورتحال پر قابو پانے کیلئے پاکستان بھر میں فوج بھی تعینات ہے۔

مسافر ٹرینیں بند ، بین الاقوامی فلائٹ آپریشن جزوی بحال

وزارت ریلوے نے 24 مارچ کی رات 12 بجے سے ملک بھر میں ٹرین آپریشن معطل کر رکھا ہے  جو  پہلے 31 مارچ تک بند رکھا گیا لیکن وفاقی حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں 14 اپریل کی توسیع تک ٹرین آپریشن بھی معطل رہے گا ۔

البتہ پی آئی اے کو جزوی طور پر انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن کی اجازت دی گئی ہے۔