Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

وزیراعظم عمران خان کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی افواہ

شائع 28 مارچ 2020 03:34am

گذشتہ روز برطانیہ کے ایک خبر رساں ادارے نے وزیراعظم عمران خان کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی خبر نشر کی، جس سے سوشل میڈیا پر افواہوں کا بازار سرگرم ہوگیا۔

افواہوں میں غیر ملکی خبر رساں ادارے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا جا رہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔

ان افواہوں کا جواب دیتے ہوئے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سے متعلق کورونا کے مثبت ٹیسٹ کی خبر غلط ہے، براہ کرم فیک نیوز پھیلانے سے گریز کریں، اللہ سب کو سلامت رکھے۔

اسی حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ برطانوی چینل نے غلطی سے وزیر اعظم عمران خان کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی خبر چلائی۔

اپنے ایک ٹویٹ میں ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ برطانوی ٹی وی کی جانب سے اپنے وزیر اعظم کے کورونا میں مبتلا ہونے کی خبر چلائی جانی تھی لیکن انہوں نے غلطی سے وزیر اعظم عمران خان کا نام لکھ دیا۔ اللہ کے کرم سے خان صاحب بالکل ٹھیک ہیں اور ابھی تھوڑی دیر پہلے دفتر سے گھر گئے ہیں۔

خیال رہے کہ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔ بورس جانسن نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ وہ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے کورونا کے خلاف قومی جنگ کی قیادت کرتے رہیں گے۔