Aaj News

منگل, دسمبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

اشیائے ضروریہ کے حوالے سے پنجاب میں صورتحال نارمل قرار

شائع 27 مارچ 2020 05:33pm

صوبائی وزراء نے اشیائے ضروریہ کے حوالے سے پنجاب میں صورتحال کو نارمل قرار دے دیا۔ راجہ بشارت کہتے ہیں کہ کل سے میڈیکل اسٹورز کے علاوہ تمام دکانیں اور پٹرول پمپ رات 8 بجے بند کروا دئیے جائیں گے۔ یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ اگر لوگ خود سے ٹیسٹ کروانا چاہیں تو جلد ایکسپو سنٹر میں سہولت فراہم کر دی جائے گی۔

 ایوان وزیراعلیٰ پنجاب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزراء کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں آٹھ بجے کے بعد تمام دکانیں بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم میڈیکل اسٹورز اس پابندی کے تحت نہیں آتے وہ کھلے رہے گے، جنرل اسٹورز، پٹرول پمپ، میٹ و ملک شاپس صبح 8 سے شام 8 تک کھلی رہیں گی، پنجاب میں صورتحال نارمل ہے اور کسی چیز کی کمی نہیں ہے۔

وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ ڈی جی خان میں دو ڈاکٹرز اور ایک نرس سمیت پانچ افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے، پنجاب کے پاس اس وقت 18 ہزار ٹیسٹنگ کٹس موجود ہیں، پی کے ایل آئی جلد ہی سات سو ٹیسٹ روزانہ کر سکے گا، جو لوگ شک کی بنیاد پر کورونا کا ٹیسٹ کروانا چاہیں گے ان کے لیے ایکسپو سنٹر میں انتظام کیا جا رہا ہے، وہاں ٹیسٹ کی ضرورت محسوس ہونے پر افراد کو آئسولیشن میں شفٹ کر دیا جائیگا۔ ٹیسٹ کلئیر آیا تو دو روز بعد گھر بھیج دیا جائے گا۔

 صوبائی وزراٗ کا کہنا تھا کہ روزگار سے محروم ہونیوالے افراد کیلئے ریلیف پیکج تیار کر لیا گیا ہے جس کا جلد اعلان کرینگے، میو اسپتال میں مریض کی ہلاکت کے معاملے پر 24 گھنٹے میں انکوائری رپورٹ وزیراعلی پنجاب کو پیش کردی جائےگی۔