Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

کورونا وائرس کے خلاف جنگ، پی سی بی نے بڑا اعلان کردیا

شائع 26 مارچ 2020 03:18pm

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ اس کے سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ تمام کرکٹرز اور ملازمین کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں مالی امداد کے ذریعے حکومتی ایمرجنسی فنڈ میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔

اس سلسلے میں پی سی بی کے سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑی مجموعی طور پر 50 لاکھ روپے عطیہ کریں گے۔

علاوہ ازیں، پی سی بی کے سینئر منیجر کے عہدے تک کے ملازمین اپنی ماہ وار تنخواہ میں سے ایک روز جبکہ جنرل منیجر اور اس سے بڑے عہدے پر موجود ملازمین 2 روز کی تنخواہ فنڈ میں عطیہ کریں گے۔

پی سی بی بطور ادارہ تمام عطیات اکٹھا کرکے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں حکومت کی جانب سے قائم کردہ فنڈ میں ڈالے گا۔

یاد رہے کہ عالمی ادارہِ صحت کورونا وائرس کو ایک عالمی وباء قرار دے چکا ہے۔

اس موقع پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی روایت ہے کہ وہ ہر مشکل وقت میں اپنی حکومت کے شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری صوبائی اور وفاقی حکومتوں کے علاوہ ہیلتھ ورکرز کے لیے یہ ایک مشکل وقت ہے۔

چیئرمین پی سی بی  نے مزید کہا کہ وہ اپنے ہیلتھ ورکرز کی صحت اور کامیابی کے لیے دعاگو ہیں تاکہ ہمارا معاشرہ جلد معمول کے مطابق چل سکے اور اس سلسلے میں پی سی بی  نے اپنی طرف سے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں حکومت کا ساتھ دینے کے لیے یہ ایک چھوٹی سی کاوش کی ہے۔

احسان مانی نے مزید کہا انہیں یقین ہے کہ ہمارے معاشرے میں موجود دیگر سخی لوگوں کی طرح پی سی بی کے کئی ملازمین اور کرکٹرز اپنے طور پر حکومتی فنڈ اور دیگر خیراتی اداروں میں عطیات دے رہے ہوں گے۔ انہیں امید ہے کہ یہ تمام افراد کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں اپنے طور پر عطیات دینا جاری رکھیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک قوم کی کامیابی کا اندازہ مشکل حالات میں اس کے اتحاد سے لگایا جاتا ہے اور اس مشکل وقت میں ہم سب کو ایک ہوکر اس وباء کا مقابلہ کرنا ہے۔

احسان مانی نے کہا کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایک بار پھر پوری قوم سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل کرے، انہیں اور ان کے پیاروں کو اس وباء سے محفوظ رکھنے کا واحد راستہ احتیاط ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے  کہاکہ ہم ایک باہمت قوم ہیں اور انہیں یقین ہے  کہ ہم سب مل کر اس وباء کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔