Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
22 Jumada Al-Awwal 1446  

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد1000ہوگئی

اپ ڈیٹ 25 مارچ 2020 11:03am
فائل فوٹو

کراچی،لاہور:پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد1000ہوگئی جبکہ وائرس کے باعث اب تک 7 افراد جاں بحق ہوئے۔

پنجاب اور سندھ میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہوگیا، جس کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک ہزار ہوچکی ہے۔

پنجاب میں 15کیسز کا اضافہ ہوا جس سے متاثرین کی تعداد 296ہوگئے، سندھ میں 6نئے کیسز سامنے آگئے، جس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 413ہوگئی۔

اسلام آباد میں بھی ایک کیس بڑھ گیا، تعداد 16ہوگئی، خیبرپختونخوا میں کورونا کیسز کی تعداد 78ہے ،گلگت میں بھی ایک کیس بڑھ گیا جس سے متاثرین کی تعداد 81ہوگئی، بلوچستان میں کیسز کی تعداد 115 ہے۔

مہلک وائرس سے اب تک 20 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جن میں سے 14 کا تعلق سندھ، 4 کا گلگت بلتستان اور 2 کا تعلق اسلام آباد سے ہے۔

ملک میں کورونا وائرس سے اب تک 7 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں،خیبرپختونخوا میں 3، بلوچستان، گلگت بلتستان، سندھ اور پنجاب میں ایک ایک ہلاکت  ہوئی۔

ملک بھر میں لاک ڈاؤن

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد ملک بھر میں فوج تعینات ہے اور چاروں صوبے لاک ڈاؤن ہے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گلگت بلتستا ن اورآزاد کشمیر میں بھی فوج تعینات کی گئی ہے اور فوج کی خدمات آئین کے آرٹیکل 131 اے کے تحت طلب کی گئی ہیں جبکہ آزاد کشمیر میں بھی منگل سے 3 ہفتوں کا لاک ڈاون شروع ہو گیا۔

ملک بھر میں تمام مسافر ٹرینیں بند

وزارت ریلوے نے 24 مارچ کی رات 12 بجے سے ملک بھر میں  ٹرین آپریشن معطل کردیا ہے جس کے تحت 31 مارچ تک مسافر ٹرینیں بند رہیں گے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

حکومت کا معاشی پیکج

کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر حکومت نے معاشی پیکیج کا اعلان کردیا ہے جس کے تحت پیٹرول اور ڈیزل 15 روپے فی لیٹر سستا کردیا گیا ہے جبکہ مزدوروں کیلئے200 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔