Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سالوں پرانے "الیومیناتی" نامی گیم میں 9/11 حملوں اور کورونا وائرس کی پیشگوئی

اپ ڈیٹ 24 مارچ 2020 08:24am

نیویارک: "الیومیناتی:  نیو ورلڈ آرڈر" ایک کارڈ گیم ہے جس کے متعلق اب سازشی نظریہ سازوں نے حیران کن انکشاف کر ڈالا ہے۔

ڈیلی اسٹار کے مطابق سازشی نظریہ سازوں کا کہنا ہے کہ 1994ء میں لانچ کی گئی اس گیم میں نائن الیون، لاس ویگاس شوٹنگ اور کورونا وائرس کی پیش گوئیاں کی گئی تھیں جو بالکل درست ثابت ہوئیں۔

الیومیناتی ایک ایسا گروپ ہے جس کے متعلق سازشی نظریہ سازوں کا خیال ہے کہ وہ پس منظر میں رہتے ہوئے پوری دنیا کے معاملات کو کنٹرول کرتا ہے اور اپنے مخالفین کو ہمیشہ ختم کر دیتا ہے۔ ان کی بنائی ہوئی اس گیم کے بعض کارڈز دنیا میں آئندہ ہونے والے بڑے واقعات کی پیش گوئی کرتے ہیں۔

اس گیم کے کئی کارڈز کی تصاویر بھی شیئر کی جا رہی ہیں۔ ان میں سے ایک کارڈ پر ورلڈ ٹریڈ سینٹر جیسی ایک عمارت سے آگ کے شعلے نکل رہے ہوتے ہیں۔ اس کارڈ کا نام "ٹیررسٹ نیوک" (دہشت گرد ایٹمی ہتھیار) ہے۔ اس کارڈ کو نائن الیون کی پیش گوئی قرار دیا جا رہا ہے۔

ایک اور کارڈ کا نام "ایپی ڈیمک" (وباء) ہے۔ اس کارڈ پر سرنج، ادویات کی بوتلیں، فیس ماسک، حفاظتی لباس اور دیگر ایسی چیزیں بنی ہوئی ہیں جو آج کل کورونا وائرس کی وباء کے دوران استعمال کی جا رہی ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ اس کارڈ پر کوارنٹین (Quarantine) یعنی قرنطینہ بھی لکھا ہوا ہے۔ اس کارڈ کو کورونا وائرس کی پیش گوئی کہا جا رہا ہے۔

سازشی نظریہ سازوں کا کہنا ہے کہ اس گیم کے کارڈز پر آئندہ مستقبل میں ہونے والے واقعات کے متعلق بھی پیش گوئیاں کی گئی ہیں۔