Aaj News

منگل, دسمبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی بھی کورونا وائرس کا شکار

شائع 23 مارچ 2020 12:45pm
فائل فوٹو

کراچی: وزیر تعلیم سندھ سعید غنی بھی عالمی وباء کورونا وائرس کا شکار ہوگئے، انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ وہ بھی حیرت انگلیز طور پر کورونا کا شکار ہوگئے ہیں۔

ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز میں نے کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا تھا جو کہ مثبت آگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وائرس کی جو علامات مجھے بتائی جاتی ہیں میرے ساتھ ایسا کچھ بھی نہیں ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ مجھے، کھانسی، نزلے، زکام یا جسم میں درد کی کوئی شکایت نہیں ہے مگر پھر بھی ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔

وزیر تعلیم سندھ کا مزید کہنا ہے کہ میں نے ایک اور ٹیسٹ کروایا ہے جس کی رپورٹ آج موصول ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور گزشتہ کچھ دنوں میں جن لوگوں سے میری ملاقات ہوئی ہے وہ بھی اپنا موازنہ خود کریں اور کچھ محسوس ہونے پر ضرور ٹیسٹ کروائیں۔

سعید غنی نے مزید کہا کہ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد میں نے خود کو مکمل آئسولیشن میں ڈال لیا ہے۔ میں خود کو بالکل صحتمند محسوس کررہا ہوں اور اپنی ذمہ داریاں گھر پر رہ کر ادا کررہا ہوں۔

انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ گھروں رہیں اور سندھ حکومت کے لاک ڈاؤن کے فیصلے پر عمل کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔