Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

کورونا وائرس: جاں بحق افراد کی تدفین سے متعلق لائحہ عمل جاری

شائع 22 مارچ 2020 04:18am

حکومت پاکستان نے کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تدفین سے متعلق لائحہ عمل جاری کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی میتوں کو خصوصی گاڑیوں میں ہاسپٹل سے منتقل کیا جائیگا۔ میت کی منتقلی، غسل دینے اور ڈھانپنے کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔

میت کو ہاسپٹل میں ہی غسل دیا جائیگا اور لیک پروف پلاسٹک شیٹس میں لپیٹ کر تابوت میں ڈال کر تدفین کی جائے گی۔

ہدایت نامے کے مطابق میت کو غسل دینے کے بعد استعمال ہونے والا پانی ندی نالہ میں بہانے کے بجائے ضائع کیا جائیگا۔

جاں بحق افراد کے لواحقین پلاسٹک شیٹس چڑھانے کے بعد ہسپتال میں ہی آخری دیدار کرسکیں گے۔ میت کا آخری دیدار کرنے والوں کو فل پروف حفاظتی کٹس اور سامان پہننا لازمی ہوگا۔

میت کو غسل دینے بعد جگہ کو ہائپوکلورائیٹ کیمکل سے دھویا جائیگا۔ میت کے کفن پر بھی ہائپوکلورائیٹ کیمیکل ڈالا جائیگا، استعمال کی تمام چیزیں تلف کی جائیں گی۔

میت کو گھر منتقل کرنے والی گاڑی کو واپسی پر ہائپوکلورائیٹ کیمیکل سے دھویا جائیگا، میت لے جانے والی گاڑی میں ڈرائیور کے علاوہ کوئی نہیں بیٹھے گا۔

میت کو گھر منتقل کرنے کے بعد کسی کو آخری دیدار کی اجازت نہیں دی جائیگی اور جلدازجلد دفنایا جائیگا، جنازہ محدود رکھنے کی کوشش کی جائیگی۔

کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والی کسی بھی میت کا پوسٹ مارٹم نہیں کیا جائیگا۔

میت کو ہاسپٹل سے گھر تک منتقل کرنیوالا تدفین تک وہاں موجود رہے گا۔