Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

کورونا بحران: شہباز شریف لندن سے واپس وطن پہنچ گئے

اپ ڈیٹ 22 مارچ 2020 07:25pm
فائل فوٹو

اسلام آباد: اپوزیشن لیڈر شہباز شریف 4 ماہ بعد آج صبح لندن سے واپس اسلام آباد پہنچ گئے۔  شہباز شریف نے ائیرپورٹ پر اسکریننگ کروائی اور ہیلتھ ڈیکلیریشن فارم بھی جمع کروایا۔وطن واپسی پر ن لیگی رہنماؤں اور کارکنوں نے استقبال کیا، جس کے بعد اسلام آباد سے لاہور روانہ ہوگئے۔

میڈیا سے گفتگو میں شہباز شریف نے کہا کہ آزمائش میں قوم کے ساتھ مل کر مقابلہ کریں گے۔ نواز شریف کا بھی پیغام ہے کہ قوم متحد رہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں ایک ٹیم کی حیثیت سے ہمیشہ کام کیا۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے بھائی سابق وزیراعظم نواز شریف کی ہدایت پر پاکستان واپس آرہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے دل کی سرجری آئندہ ہفتے ہے۔ اس بحران کے وقت میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان کو میری ضرورت ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے حکومت سے چین کی طرز پر لاک ڈاؤن کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ چین کی طرز پر پاکستان میں لاک ڈاؤن کرکے کورونا پر قابو پانے کے انتظامات کئے جائیں، اقدامات میں تاخیر کی صورت میں بھیانک انسانی المیہ ناقابل قبول ہوگا۔

شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ تاخیر سے ہونے والے کسی بھی طرح کے نقصان کی ذمے داری پی ٹی آئی حکومت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کے لیے خوراک کی فراہمی و دیگر انتظامات کو فوری طور پر حتمی شکل دے۔

اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ کورونا کی خراب ہوتی صورتحال میں عوام کی زندگی مزید خطرے میں نہیں ڈالی جاسکتی۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں کورونا وائرس کے بڑھتے خطرات کے پیش نظر لاک ڈاؤن کیا جائے، اس حوالے سے حکومت فی الفور تیاریاں کرے۔