Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

وزیراعظم عمران خان کے حکم پر چمن بارڈر مال بردار ٹرکوں کیلئے کھول دیا گیا

شائع 21 مارچ 2020 07:20am

وزیراعظم عمران خان کے حکم پر پاکستان اور افغانستان کے مابین چمن بارڈر پر باب دوستی گیٹ کو مال بردار ٹرکوں کیلئے کھول دیا گیا ہے۔

چمن بارڈر پر باب دوستی سے مال بردار ٹرکوں کی افغانستان روانگی کا عمل 21 مارچ ہفتہ سے شروع ہوگیا ہے۔ کسٹم حکام کے مطابق پہلے مرحلے میں 50 سے زائد ٹرک اشیائے خورد و نوش لے کر افغانستان جائیں گے، جب کہ پاکستان سے ٹرانزٹ، ایکسپورٹ کے ٹرک اور کنٹینرز جائیں گے۔

حکام کا کہنا ہے کہ افغانستان جانے والے ٹرکوں میں تازہ پھل، سبزیاں اور کھانے کی دیگر ضروریات اشیائے شامل ہیں۔ کنٹینرز اور ٹرکوں کی گزشتہ روز کلیئرنگ کا عمل مکمل کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ پاک افغان بارڈر پر باب دوستی 20 روز سے بند تھا، تاہم وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز 20 مارچ کو چمن بارڈر کھولنے کی ہدایت دی تھی۔

وزیراعظم عمران خان کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ چمن اسپن بولدک سرحد کھولنے کا حکم دیا ہے، اس سے سرحد کے ذریعے ٹرکوں کی افغانستان ميں آمد و رفت ممکن ہوگی۔