Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

اٹلی: کورونا سے ہلاک افراد کی لاشیں فوجی ٹرکوں پر لے جانے کے اندوہناک مناظر

شائع 21 مارچ 2020 03:59am

 دنیا بھر میں کورونا وائرس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانوں کا ضیاع ہورہا ہے۔ اٹلی میں کورونا سے مرنے والے لوگوں کی لاشیں ٹرکوں پر لاد کر آبادی سے دور لے جائے جاتی ہیں اور انہیں آگ لگا کر راکھ کردیا جاتا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق اٹلی میں لوگوں نے اپنے گھروں کی کھڑکیوں سے ایک ہولناک منظر دیکھا۔

فوج کورونا سے ہلاک ہونے والے 60 افراد کی لاشیں فوجی ٹرکوں میں ڈال کر انہیں نذرآتش کرنے کے لیے لے جا رہی تھی۔

سوشل میڈیا پر اٹلی میں فوجی گاڑیوں کے ایک قافلے کو ایک شاہراہ عام سے گزرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ مناظر شمالی اٹلی کے کورونا سے متاثرہ علاقے لومبیارڈیا کے شہر "برگامو" کے ہیں۔ برگامو کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والےلوگوں کو جلا کر راکھ کردیا جاتا ہے اور ان کی لاشوں کی راکھ کی ایک مٹھی ان کے لواحقین کو دی جاتی ہے۔

اٹلی میں کورونا سے مرنے والوں کی کسی قسم کی مذہبی طریقے سے تدفین نہیں ہوسکتی اور نہ ہی ان کی آخری رسومات ادا کی جاتی ہیں۔  فوج کی نگرانی میں کورونا سے مرنےوالوں کی لاشیں تلف کردی جاتی ہیں۔

ایک منٹ سے بھی کم دورانیے کی ویڈیو بدھ کے روز سامنے آئی تھی۔ جس کے بعد اب تک کورونا سے اٹلی میں 4 ہزار سے زائد اموات ہوچکی ہیں۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایک قبرستان میں کورونا سے ہلاک ہونے والے افراد کی لاشوں کو آگ میں جلاتے دیکھا۔

جمعرات کو ایک شخص نے بتایا کہ گذشتہ روز ایک قبرستان میں 31 اور دوسرے میں 10 لاشیں نذرآتش کی گئیں۔