Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

کورونا وائرس: بلوچستان میں جزوی لاک ڈاؤن کا نوٹیفیکیشن جاری

شائع 21 مارچ 2020 03:15am

بلوچستان کی صوبائی حکومت نے کورونا وائرس کے پیشِ نظر صوبے بھر میں جزوی لاک ڈاؤن کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے، جس کے مطابق تمام شاپنگ مالز، مارکیٹیں، ریسٹورانٹس اور بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ 3 ہفتوں کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کورونا وائرس سے ملک بھر میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 504 تک پہنچ چکی ہے جبکہ 3 مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں، سیکڑوں مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ لئے گئے ہیں جن کے نتائج آنا ابھی باقی ہیں۔

بلوچستان حکومت کی جانب سے جمعہ کو جاری نوٹیفکیشن کے تحت کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر صوبہ بھر میں تمام شاپنگ مالز، مارکیٹیں، ریسٹورانٹس 3 ہفتوں کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا ہے کہ صوبائی حکومت نے 21 روز کیلئے بین الصوبائی اور مقامی پبلک ٹرانسپورٹ چلانے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے، فیصلے کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ریسٹورانٹس کو گھروں پر کھانا پہنچانے کی اجازت ہوگی۔

بلوچستان میں اب تک کورونا وائرس کے 82 مریضوں کی تصدیق ہوچکی ہے، متعدد افراد کے ٹیسٹ کی رپورٹ آنا ابھی باقی ہے۔

دوسری جانب آزاد کشمیر حکومت اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی انتظامیہ نے بھی پبلک ٹرانسپورٹ مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔