Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

کورونا کے خلاف 'کلوروکوئن' استعمال ہوگی، ٹرمپ کی منظوری

اپ ڈیٹ 20 مارچ 2020 07:05am

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ میں کورونا وائرس کے علاج کے لیے ملیریا سے لڑنے والی ایک پرانی دوا "کلورو کوئن"  (Chloroquine) کا استعمال ہوگا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق صدر ٹرمپ نے جمعرات کو صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہا کہ 'ہم اس دوا کو جلد دستیاب کریں گے، اور اس میں ایف ڈی اے (فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن) کا بڑا کردار ہے۔'

انہوں نے مزید کہا کہ کلورو کوئن کے استعمال کے لیے ایف ڈی اے کو منظوری مل گئی ہے اور اب مہینوں کے بجائے یہ جلد دستیاب ہوگی۔ یہ دوا ڈاکٹر کے نسخے پر ہی دی جائے گی۔

امریکی صدر نے کہا کہ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں، شہریوں کو کرونا وائرس کے معاشی انجام سے محفوظ رکھیں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ کرونا وائرس "بلا" نے پوری دنیا کو حیرت میں ڈال دیا ہے، یہ وائرس سخت موسم اور گرمی میں خود مرجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ امریکا بھی کرونا کے خاتمے کے لیے ویکسین بنانے کی دوڑ میں شامل ہے، ملیریا کے لیے استعمال ہونے والی دوا "کلورو کوئن" کرونا کے خلاف مددگار ہے۔