Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

ملک میں 326 کورونا کیسز کی تصدیق، مشترکہ پریس کانفرنس،

شائع 19 مارچ 2020 02:01pm

کورونا اقدامات کیخلاف حکومتی اقدامات پر معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان ، ظفر مرزا اور ڈی جی آئی ایس پی آر نے مشترکہ پریس کانفرنس کی ہے، کانفرنس میں ملک میں کورونا کے 326 کیسز کی تصدیق کردی گئی۔

 پریس کانفرنس میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ  ہم تمام صورتحال سے آگاہ ہیں، تمام صوبائی حکومتیں دن رات محنت کررہی ہیں،ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

 فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عوام کے جان و مال اور صحت کی حفاظت وزیراعظم سب سے بڑی قومی ذمہ داری سمجھتےہیں،ابتک کوتاہی اور لاپروائی نہیں ہوئی، کوئی کوتاہی اور لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔

  معاون خصوصی نے مزید کہا کہ تمام اسٹیٹ ہولڈرز نچلی سطح پر ریلیف دینے کیلئے متحرک ہیں، وزیراعظم نے اس کام کی نگرانی خود کرنے کا فیصلہ کیا، کل اس عمل کی جھلک پنجاب میں نظر آئی، وفاقی اور صوبائی حکومتیں اور ادارے ہم آہنگی کے ساتھ قومی ذمہ داریاں نبھارہے ہیں، وزیراعظم نے اپنے خطاب میں قوم کو حوصلہ بخشا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہم نے بحیثیت قوم یکجا ہو کر اسکا مقابلہ کرنا ہے،مشیر خزانہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی ہے۔

فردوس عاشق کا کہنا تھا کہ  ہماری معیشت کی گاڑی رواں دواں تھی،  کورونا کی وجہ سے ہماری معیشت کو بھی جھٹکے محسوس ہورہے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کمیٹی کو مینڈیٹ دیا گیا ہے کہ وہ ترجیحات کا تعین کرے، ایکسپورٹ کے ٹارگٹ پورے نہ ہونے سے اثر پڑے گا۔

فردوس عاشق کا کہنا تھا کہ  کوشش ہے کہ معیشت کی گاڑی سست نہ ہو، اور فیکٹریوں میں کام کرنے والے مزدوروں کیلئے بھی بروقت اقدام اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں۔ کیش کی مد میں مدد کرنے پر غور کررہے ہیں،  ڈیلی ویجر کا تحفظ، ہیلتھ انشورنس، اور فوڈ سپلائی پر فوکس ہے، مذہبی اور سماجی رشتہ کو برقرار رکھیں لیکن پرہجوم محفلوں میں جانے سے اجتناب رکھیں۔

 معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ فنانشل اسٹیمولس پیکج پیش کیا جائے گا، بدقسمتی سے کچھ عناصر اس صورتحال کا فائدہ اٹھا کر ذخیرہ کرتا ہے، وزیراعظم کا ایسی افراد کی سرکوبی کیلئے دی گئی وارننگ کے حوالے سے صوبائی حکومتوں کو اقدامات کیلئے ہدایت کردی ہے، ہم غذائی اجناس میں خود کفیل ہیں،ہمیں کسی بھی قسم کی غزائی قلت کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ  آپ نے باقی ہم وطنوں کا بھی خیال کرنا ہے، کوئی چیز ذخیرہ کر کے اسکی قلت پیدا نہ کریں،  پچھلے چند روز سے قوم متحد ہوتی نظر آرہی ہے،پاکستان میں چین کے سفیر اس حوالے سے تعاون کررہے ہیں۔

 اس موقعے پر ظفر مرزا نے کہا کہ 176 ممالک میں کورونا کے مریض رپورٹ ہوچکے ہیں، 2 لاکھ 20 ہزار کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے،

 ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ  پاکستان میں اسوقت 326 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے، اور یہ مصدقہ تعداد ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے مزید کہا کہ  حکومت بڑے اجتماعات پرپابندی لگاچکی ہے، تمام حکومتیں ملکر قومی ذمہ داری کے ساتھ کام کررہی ہیں، اسپتالوں میں بلا ضرورت نہ جائیں۔

ظفر مرزا نے مزید کہا کہ او پی ڈی میں جانا ہو تو اکیلے جائیں، ہمیں اچھے کی امید کرنی چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ  ہیلتھ پروفیشنل، میڈیکل اسٹوڈنٹس یا طب کے شعبے سے منسلک افراد کی خدمات سے فائدہ اٹھانے کیلئے سسٹم بنائیں گے۔