Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

کورونا کی وجہ سے جزوی لاک ڈاؤن، مفت کھانا اور راشن فراہم کرنے کا اعلان

شائع 19 مارچ 2020 03:29pm

چین کے صوبے ووہان سے جنم لینے والی خطرناک بیماری کورونا وائرس دنیا کے کئی ممالک میں تباہی مچاچکی ہے، دنیا بھر میں اب تک اس وائرس کے 2 لاکھ 28 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 9 ہزار 300 سے تجاوز کرگئی ہے اور اس کی وجہ سے کئی ملکوں میں لاک ڈاؤن کی صورتحال ہے۔

گزشتہ کچھ دنوں سے پاکستان میں بھی اس وائرس نے پنجے گاڑنا شروع کردیئے ہیں، بالخصوص صوبہ سندھ اس سے کافی حد تک متاثر ہوا ہے۔ سندھ حکومت نے معاملے کو پرکھتے ہوئے تعلیمی اداروں، ریستوران اور مارکیٹوں کو بند کروادیا ہے تاکہ اس موذی مرض کے پھیلاؤ سے بچا جاسکے۔

پاکستان بھر میں اس وقت تعلیمی ادارے بند ہیں اور کچھ دیر پہلے تک کی اطلاعات کے مطابق 370 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ سندھ میں اس وباء پر قابو پانے کیلئے جزوی لاک ڈاؤن کیا ہوا ہے تاہم ہم سب اس بات کو بخوبی جانتے ہیں کہ ہمارے ملک کی زیادہ تر آبادی غربت کی لکیر سے بھی نیچے کی زندگی گزار رہی ہے اور ایسے میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے اُن غریبوں کو کھانے کے لالے پڑ سکتے ہیں۔

اس مشکل گھڑی میں جہاں سندھ حکومت نے متاثرہ شخص کے خاندان والوں کو راشن کی سہولت فراہم کی ہے وہیں جزوی لاک ڈاؤن کو مدنظر رکھتے ہوئے کئی این جی اوز بھی غریبوں کو مفت کھانے پینے کی سہولیات فراہم کررہی ہیں۔

آج سیلانی ویلفیئر نے بڑا اعلان کیا ہے، جس کے مطابق کراچی میں حفاظتی اقدامات کے پیش نظر کاروبار بند، روز کمانے اور دیہاڑی پر کام کرنے والے  وہ مزدور جو شدید معاشی پریشانی میں مبتلا ہیں اُنہیں یہ ادارہ پیک شدہ کھانا اور خشک راشن فراہم کرے گا۔

سیلانی ویلفیئر کی اس سہولت سے مستفید ہونے کیلئے ادارے کی کسی بھی برانچ یا یو اے این نمبر 526-729-111 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

اس کے علاوہ ایک اور این جی او جے ڈی سی نے بھی نمائش اور جوہر میں واقع جے ڈی سی دسترخوان پر دن 12 بجے سے شام 7 بجے تک مفت کھانے کی سہولت فراہم کی ہے۔ یہاں کوئی بھی شہری مفت میں کھانا کھانے کے ساتھ اپنے ساتھ لائے ہوئے برتن میں گھر والوں کیلئے کھانا لے کر بھی جاسکتا ہے۔

مشکل کی اس گھڑی میں آپ بھی اپنے اردگرد نظر دوڑائیں اور ضرورت مندوں کی ہر ممکن مدد کرنے کی کوشش کریں تاکہ بحیثیت قوم ہم اس مشکل وقت سے نکل سکیں۔