کورونا وائرس سے ہلاکت کے بعد مردان میں لاک ڈاؤن
مردان: گزشتہ روز کورونا وائرس کے باعث ہونے والی ہلاکت کے بعد مردان کی یونین کونسل منگا کو غیر معینہ مدت کیلئے لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر مردان کے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق یونین کونسل سے کوئی شخص نہ تو باہر جاسکتا ہے اور نہ ہی اندر آسکتا ہے۔ مرحوم شخص کے خاندان کے تمام افراد کے مردان میڈیکل کمپلیکس میں ٹیسٹ اور اسکریننک جاری ہے۔
ملک میں کورونا وائرس کے باعث 2 شخص چل بسے۔ پاکستان میں کورونا وائرس کےمزید 70 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس سے متاثرہ افراد کی تعداد 307 ہوگئی،جن میں سے 208 کا تعلق سندھ سے ہے۔
گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے باعث ایک شخص چل بسا ہے۔ ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے، آج ملک بھر سے 60 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد208 ہوگئی، پنجاب میں مہلک وائرس سے 33افراد متاثر ہو چکے ہیں،خیبرپختونخوا میں 19بلوچستان میں16کیس رپورٹ ہوئے، اسلام آباد سے 7اور گلگت بلتستان سے 13افراد کا ٹیسٹ پازیٹو آ چکا ہے۔ آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کا ایک کیس رپورٹ ہوچکا ہے۔
پاکستان میں 4افرادکورونا وائرس کوشکست دے کر صحت یاب ہو چکے ہیں،سندھ میں 3اوراسلام آباد میں ایک مریض صحتیاب ہوا۔
دوسری جانب بلوچستان حکومت نے پاک ایران سرحد کے قریب تفتان کے مقام سے مزید 1653 زائرین کو اپنے اپنے متعلقہ صوبوں کی جانب روانہ کردیا ہے، لیوی حکام کا کہنا ہے کہ 42 بسوں میں سوار زائرین کو پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر روانہ کیا گیا ہے۔
کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حکومت سندھ کے ماتحت تمام ادارے بند کردیئے گئے ہیں، چیف سیکریٹری سندھ کا کہنا ہے کہ 3 اپریل تک سندھ کے 25 سرکاری محکمے اور ان کے ذیلی دفاتر بند رہیں گے، اس کے علاوہ خود مختار کارپوریشنز، ادارے اور لوکل کونسلز میں بھی تعطیل ہوگی، سندھ تعطیلات کے باوجود تمام محکموں کے انتظامی سربراہان اور سینئر افسران آن کال رہنے کے پابند ہوں گے۔
چیف سیکریٹری کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت، داخلہ، خزانہ، بلدیات، خوراک، منصوبہ بندی و ترقیات میں سرکاری تعطیل کا اطلاق نہیں ہوگا جب کہ پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ اور محکمہ جیل خانہ جات کے دفتر بھی کھلے رہیں گے۔
کورونا وائرس نے جہاں دنیا بھر کی معیشت کو ہلا کر رکھ دیا ہے وہیں پاکستان اسٹاک مارکیٹ بھی اس سے محفوظ نہیں ۔ ہنڈریڈ انڈیکس گزشتہ 2 ہفتوں سے مسلسل گراوٹ کا شکار ہے اور جمعرات کو انڈیکس گزشتہ 5 سال کی انتہائی کم ترین سطح پر آگیا ہے۔
Comments are closed on this story.