Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کورونا وائرس کے خوف میں مبتلا دنیا کو کشمیری حریت پسندوں کا پیغام

اپ ڈیٹ 16 مارچ 2020 05:29am

سری نگر: کشمیری نوجوانوں کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کشمیریوں کو درپیش مشکلات کا احساس دلانے کے لیے دنیا کے لیےایک ویک اَپ کال ہے۔

کشمیرمیڈیا سروس کےمطابق مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں ضلع اسلام آباد میں محاصرے اور تلاشی کے نام پر چار کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔

شہید نوجوانوں کی شناخت، مظفر احمد، عمرامین، سجاد احمد اور گلزار احمد کے طور پر ہوئی، بھارتی فوجیوں نے فیاض احمد ڈار کے مکان کو بھی تباہ کردیا۔

شہید گلزار احمد کو کولگام کے علاقے تاری گام میں اپنے آبائی علاقے میں آزادی، پاکستان کے حق اور بھارت کے خلاف نعروں کی گونج میں سپرد خاک کیا گیا۔

کشمیری رہنماؤں کا کہنا تھا کہ بھارت جبرواستبداد کے ہتھکنڈوں سے حریت قیادت اور آزادی پسند کشمیری عوام کےحوصلےہرگز پست نہیں کرسکتا، وہ اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کی تحریک مقصد کے حصول تک جاری رکھیں گے۔

کشمیریوں کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن دنیا کے لیے نیا ہوسکتا ہے لیکن مقبوضہ وادی میں لوگ گزشتہ سات ماہ سے مسلسل فوجی محاصرے میں ہونے کی وجہ سے اس سے اچھی طرح واقف ہیں، دنیا نے فوجی محاصرے کے باعث کشمیریوں کو درپیش مشکلات پر اپنی آنکھیں بند کر رکھی تھیں لیکن اب پوری دنیا کو اسی طرح کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مودی وائرس کورونا وائرس سے بڑا خطرہ ہے، کورونا وائرس دنیا کو کشمیریوں کو درپیش مشکلات کا احساس دلانے کے لیے ایک ویک اپ کال ہے۔