Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

کورونا وائرس: یو اے ای نے ویزوں کا اجرا بند کردیا

شائع 15 مارچ 2020 10:07am

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے اپنے ملک کے لیے ویزوں کا اجرا بند کردیا ہے۔ مذکورہ فیصلے کا اطلاق 17 مارچ سے ہوگا۔

گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق یو اے ای کی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اس فیصلے کا اطلاق سفارتی پاسپورٹ پر نہیں ہوگا۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے کورونا وائرس کو عالمی وباء قرار دیے جانے کے بعد حفاظتی اقدامات کے طور پر لیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ انتظامیہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایسے افراد جنہوں نے پہلے ہی یو اے ای کا ویزا حاصل کرلیا تھا ان پر اس فیصلے کا اطلاق نہیں ہوگا۔

انتظامیہ کا اپنے اعلامیے میں کہنا تھا کہ ایسے تمام ممالک کے شہریوں کے لیے ویزا کی پابندی عائد رہے گی جو عالمی اصولوں کے مطابق اپنے ممالک میں اقدامات نہیں اٹھالیتے۔

دوسری جانب اماراتی سول ایسوسی ایشن اتھارٹی (جی سی اے اے) نے 4 عرب ممالک کے لیے پروازوں پر پابندی عائد کردی۔

اعلامیے کے مطابق شام، ترکی، لبنان اور عراق سے کوئی پرواز نہ ہی یو اے ای آئے گی اور نہ ہی کوئی پرواز وہاں جائے گی۔

اس فیصلے کا اطلاق بھی 17 مارچ سے کیا جائے گا، جبکہ 16 مارچ تک پروازوں کی آمد و رفت رہے گی۔