میر شکیل الرحمان کی گرفتاری پر امریکا کا اظہارِ تشویش
اسلام آباد: جنگ جیو گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کی گرفتاری پر امریکا کا رد عمل بھی سامنے آگیا ہے۔
امریکا نے پاکستان کی بڑی میڈیا کمپنی کے مالک میر شکیل الرحمان کی گرفتاری پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
جیو اینڈ جنگ گروپ کے مالک میر شکیل الرحمان کی گرفتاری پر رد عمل دیتے ہوئے امریکا کی نائب معاون وزیر خارجہ برائے جنوبی اور وسطی ایشیاء ایلس ویلز نے ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں کہا ہے کہ امریکا کو پاکستانی میڈیا گروپ کے مالک کی گرفتاری پر تشویش ہے۔
ایلس ویلز کا کہنا ہے کہ امریکا کو میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کو تشویش کے ساتھ نوٹ کیا ہے، اپنے پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ میڈیا کی آزادی، شفاف قانونی عمل اور قانون کی حکمرانی ہر جمہوریت کا ستون ہے۔
We noted with concern the arrest of Mir Shakil-ur-Rehman, the owner of a leading media company in #Pakistan. Press freedom, due process, and the rule of law are pillars of every democracy. AGW
— State_SCA (@State_SCA) March 13, 2020
واضح رہے کہ گزشتہ روز نیب نے غیر قانونی اراضی کیس میں جنگ وجیو گروپ کے مالک میر شکیل الرحمان کو گرفتارکیا تھا، میر شکیل الرحمان پر 1986 میں اس وقت کے وزیراعلیٰ نوازشریف سے 54 کنال اراضی سیاسی بنیادوں پر لینے کا الزام ہے۔
لاہور کی احتساب عدالت نے زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ کے کیس میں جنگ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کا بارہ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا۔
احتساب عدالت نے میر شکیل الرحمٰن سے ہونے والی تفتیش سے متعلق رپورٹ بھی پچیس مارچ کو پیش کرنے کا حکم دیا۔
قومی احتساب بیورو نے جنگ جیو گروپ کے مالک میر شکیل الرحمان کو لاہور کو احتساب عدالت میں پیش کیا۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد میر شکیل الرحمان کا 11 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا تاہم میر شکیل کے وکیل اعتزاز احسن نے ریمانڈ ایک روز مزید بڑھانے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ 24 مارچ کو مصروفیت کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے۔
بعدازاں عدالت نے میر شکیل کے ریمانڈ میں ایک روز کی مزید توسیع کرکے 12 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔
میر شکیل الرحمان سے ہونے والی تفتیش سے متعلق رپورٹ بھی 25 مارچ کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
Comments are closed on this story.