Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

پاکستان کے 30 سے 40 فیصد ارکان اسمبلی کورونا کا شکار؟

شائع 14 مارچ 2020 04:53am
فائل فوٹو

اسلام آباد: سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کورونا وائرس کے بڑھتے خطرے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کینیڈین وزیر اعظم کی بیوی کو کورونا وائرس ہوسکتا ہے تو پھر پاکستان کے 30 سے 40 فیصد اراکین پارلیمنٹ کو بھی کورونا ہوچکا ہوگا۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کورونا وائرس کے خطرے پر گفتگو کی۔

انہوں نے کہا کہ کینیڈین وزیر اعظم کی بیوی کو کورونا ہوچکا ہے، ہاﺅس کے 30 سے 40 فیصد لوگوں کو کورونا وائرس ہوچکا ہوگا۔

ان کی اس بات پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے برجستہ کہا 'اللہ نہ کرے کہ ایسا ہو'۔

شاہد خاقان عباسی نے اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ نہیں کر رہے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ کورونا وائرس کے معاملے کو سنجیدگی سے دیکھے، یہ ایک بہت ہی سنجیدہ معاملہ ہے، اس کی وجہ سے اسکول کالجز بند کردیے گئے ہیں اور میچز منسوخ ہوچکے ہیں، اس لیے ہماری حکومت کو اپوزیشن کو گرفتار کرنے کی بجائے اس معاملے پر توجہ دینی چاہیے، اس معاملے پر ہاﺅس کا مشترکہ اجلاس بلایا جانا چاہیے۔