Aaj News

منگل, دسمبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

پشاور زلمی کو ملتان سلطانز کے ہاتھوں سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست

شائع 13 مارچ 2020 06:49pm

کراچی: پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کے 27 ویں اور انتہائی اہم میچ میں ملتان سلطانز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو 3 رنز کے معمولی مارجن سے شکست دے دی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے اس میچ میں پشاور زلمی 155 رنز کا ہدف حاصل نہ کرسکی۔ اس شکست کے ساتھ پشاور زلمی کی سیمی فائنل میں رسائی کھٹائی کا شکار ہوگئی۔

پشاور زلمی کو سیمی فائنل میں رسائی کیلئے اب دوسری ٹیموں کے میچز کے نتیجے کا انتظار کرنا پڑے گا۔

پشاور کی ٹیم 155 کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بناسکی۔ امام الحق 56، شعیب ملک 30 اور عمر امین 29 رنز بناسکے۔

ملتان سلطانز کے سہیل تنویر نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے تین، علی شفیق نے 2 جبکہ محمد عرفان اور معین علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پشاور کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ملتان سلطانز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے تھے۔

ملتان سلطانز کے ذیشان اشرف نے 52، خوشدل شاہ نے ناٹ آؤٹ 30، شان مسعود نے 28 اور بوم بوم آفریدی نے 19 رنز بنائے تھے۔

پشاور زلمی  کی جانب سے غیر ملکی کھلاڑیوں کی عدم موجودگی کے باوجود شاندار بولنگ کا مظاہرہ دیکھنے کو ملا۔راحت علی نے 3 جبکہ وہاب ریاض، حسن علی اور محمد عامر خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔

ملتان سلطانز کے ذیشان اشرف کو نصف سینچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔