سندھ حکومت کا پی ایس ایل میچز خالی اسٹیڈیم میں کرنے کا اعلان
کراچی: سندھ حکومت نے پی ایس ایل میچز خالی اسٹیڈیم میں کرنے کا اعلان کردیا۔
سندھ حکومت نے پی ایس ایل میچز خالی اسٹیڈیم میں کرنے کا اعلان کردیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ہم میچز کروا رہے ہیں اور مزید رسک نہیں لے سکتے.
آج کے میچ میں شائقین ہوں گے جبکہ کل اور دیگر میچز بند اسٹیڈیم میں ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی کو ہدایت دی کہ وہ پی سی بی سے بات کرکے عملدرآمد کروائیں۔
کمشنر کراچی نے وزیر اعلیٰ سندھ کو آج کے انتظامات کے حوالے سے بریف کیا، صرف آج کے میچ میں شائقین کو جانے کیلئے وزیر اعلیٰ سندھ نے اجازت دی ہے۔
پی سی بی نے اپنا موقف پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتِ سندھ کی سفارش پر پی ایس ایل میچز کو خالی اسٹیڈیم میں کروانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
اس فیصلے کا اطلاق 13 مارچ بروز جمعہ سے ہوگا تاہم پی سی بی نے تماشائیوں سے درخواست کی ہے کہ آج نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے مابین میچ کیلئے اسٹیڈیم کا رخ کرنے والے تماشائی حکومتِ سندھ کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری پر مکمل عمل کرتے ہوئے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
یہ فیصلہ کھلاڑیوں، آفیشلز، تماشائیوں اور میڈیا کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
اس فیصلے کا اطلاق پی سی بی سے منظور شدہ کمرشل پارٹنرز، میڈیا نمائندگان اور دیگر سروس فراہم کرنے والے افراد پر نہیں ہوگا۔ اس کے علاوہ کھلاڑیوں، اسپورٹ اسٹاف اور فرنچائز مالکان کے اہلخانہ کو بھی اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی۔
اس دوران پی سی بی نے کھلاڑیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہاتھ ملانے سے اجتناب کریں جبکہ مداحوں سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ کھلاڑیوں سے آٹوگراف، تصاویر یا سیلفیز لینے سے اجتناب کریں۔
علاوہ ازیں پی سی بی نے فیصلہ کیا ہے کہ میچ کے بعد کھلاڑی، حریف ٹیم کے اسکواڈ میں شامل اراکین سے ہاتھ ملانے کی بجائے زبانی کلام کریں۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہےکہ کرکٹ میں صحت اور حفاظت کو ہمیشہ ترجیح دی جاتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ پی سی بی کھلاڑیوں، آفیشلز، تماشائیوں، میڈیا، سروس پرووائیڈرز اور سیکورٹی اہلکاروں کی صحت اور حفاظت کا مکمل خیال رکھتا ہے۔
وسیم خان نے کہا کہ حکومتِ سندھ کی سفارش کے بعد پی سی بی نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ کراچی میں شیڈول آئندہ میچز خالی نیشنل اسٹیڈیم میں منعقد ہوں گے۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے مزید کہا کہ پی سی بی کراچی کے فینز سے ہمدردی رکھتا ہے جنہوں نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے ابتدائی میچوں سمیت گزشتہ ایڈیشن کے 8 میچوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں پی سی بی کھلاڑیوں اور ٹیموں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے اوراس حوالے سے انہیں مکمل باخبر رکھا جارہا ہے۔
وسیم خان نے کہا کہ کھلاڑیوں کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے اور ہم اس سلسلے میں ان کے تعاون کے مشکور ہیں۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ 10 مارچ کو کراچی میں میچز شیڈول کے مطابق کروانے کا فیصلہ حکومتِ سندھ کی مشاورت سے ہی کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پی سی بی ہمیشہ مقامی حکومت کی مشاورت سے فیصلے کرتا ہے۔
وسیم خان نے کہا کہ لیگ کے لاہور میں آئندہ میچز کے حوالے سے پی سی بی، پنجاب حکومت سے رابطے میں ہے اور اس حوالے سے پی سی بی صوبائی حکومت کی ہدایات پر مکمل عمل کرے گا۔
اس حوالے سے ٹکٹوں کی واپسی پی سی بی کی ری فنڈ پالیسی کے تحت بذریعہ ٹی سی ایس مراکز اور www.yayvo.com ہوگی، جس کی تفصیلات جلد جاری کردی جائیں گی۔
آئی سی سی کی میڈیکل ایڈوائزری مندجہ ذیل ہے:
- صابن یا پانی سے20 سیکنڈز تک ہاتھ دھوئیں
- اگر صابن یا پانی دستیاب نہیں تو سینیٹائزر کا استعمال کریں جس میں کم از کم 60 فیصد الکوحل ہو
- دھوئے بغیر اپنی آنکھوں، ناک اور منہ پر ہاتھ مت لگائیں
- بیمار لوگوں سے دور رہیں
- اگر آپ بیمار ہیں تو سفر سے اجتناب کریں
- کھانسی اور بخار کی صورت میں طبی امداد حاصل کریں
- اگر آپ بیمار ہیں تو گھر میں رہیں
- چھینکتے وقت ٹشو پیپر یا رومال کا استعمال کریں
- استعمال کے بعد ٹشو پیپر یا رومال کو کوڑا دان میں ضرور ڈالیں
- متواتر استعمال والی اشیاء کی صفائی کا خاص خیال رکھیں
تمام غیر استعمال شدہ ٹکٹوں کی واپسی پی سی بی کی ری فنڈ پالیسی کے تحت بذریعہ ٹی سی ایس مراکز اور www.yayvo.com ہوگی، اس حوالے سے مزید تفصیلات جلدجاری کردی جائیں گی
- پی سی بی کی کھلاڑیوں کو ہاتھ ملانے سے اجتناب کی ہدایت، شائقین سے درخواست ہے کہ وہ کھلاڑیوں کو آٹوگراف اور تصاویر کے لیے مت بلائیں، ٹیموں سے بھی عوامی سرگرمیاں محدود کرنے کی درخواست
- گذشتہ 24 گھنٹوں میں بدلتی صورتحال کے بعد ایونٹ کے شرکاء کی حفاظت اورصحت کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وسیم خان
Comments are closed on this story.