Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

امریکی اداکار ٹام ہینکس اور اہلیہ ریٹا ولسن کورونا وائرس کا شکار

اپ ڈیٹ 12 مارچ 2020 04:56am

نیو یارک: آسکر ایوارڈ یافتہ امریکی اداکار ٹام ہینکس اور اہلیہ ریٹا ولسن کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔ اداکار نے بدھ کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ اور ان کی اہلیہ کورونا وائرس کا شکار ہیں۔

دو مرتبہ آسکر ایوارڈ حاصل کرنے والے معروف امریکی اداکار ٹام ہینکس کا کہنا ہے کہ وہ اور ان کی اہلیہ آسٹریلیا میں موجود تھے جہاں انہیں تھکان محسوس ہوئی۔

اداکار نے بتایا کہ انہیں ٹھنڈ، جسم میں درد اور بخار کی شکایت ہوئی۔ جیسا کہ اس وقت پوری دنیا میں کورونا وائرس کی ہوا ہے تو انہوں نے بھی ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیا جس پر ان کی رپورٹ مثبت آئی۔

خبر ایجنسی کے مطابق 63 سالہ امریکی اداکار کا کہنا ہے کہ عوامی صحت کو مد نظر رکھتے ہوئے جب تک ضرورت ہو گی وہ خود کو الگ ہی رکھیں گے۔

واضح رہے کہ مہلک کورونا وائرس سے امریکا میں اب تک 38 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ وائرس کا شکار 1135 افراد زیر علاج ہیں۔

وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے لیے امریکا نے یورپین یونین کے ساتھ ایک ماہ کے لیے تمام سفری رابطے منقطع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

امریکی صدر کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے بچنے کی مایوس کن کوشش میں برطانیہ کے علاوہ تمام یورپین ممالک کے ساتھ سفر معطل کر دیں گے۔