کوروناوائرس: کتنی مرتبہ استعمال کے بعد جینز دھولینی چاہیے؟
دبئی: کورونا وائرس کے خوف سے اب لوگ جینز جیسے ملبوسات کے بارے میں بھی اس وسوسے کا شکار ہیں کہ آیا اسے ہر بار پہننے کے بعد دھونا چاہیے یا نہیں۔ اس وسوسے کا جواب اب ماہر ڈاکٹر نے دے دیا ہے۔
گلف نیوز کے مطابق پرائم ہسپتال کے ڈاکٹر شیام راجا موہن نے بتایا ہے کہ کپڑوں کی دھلائی کے حوالے سے ہمیں اپنے معمول کو برقرار رکھنا چاہیے۔ جینز کی پینٹ کو دو سے تین بار پہننے کے بعد دھو لیا جائے تو کافی ہے۔
سینیٹائزر کے حوالے سے ڈاکٹر موہن کا کہنا تھا کہ اگر آپ کے پاس پانی اور صابن موجود نہیں ہے تو ایسی صورت میں ہاتھوں کی صفائی کے لیے سینیٹائزر استعمال کیا جا سکتا ہے، لیکن یہ ذہن میں رکھیں کہ سینیٹائزر پانی اور اچھے صابن کا متبادل نہیں ہو سکتے۔
انہوں نے کہا کہ اکثر سینیٹائزر وائرس کا خاتمہ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔ ایسے سینیٹائزر جن میں الکوحل 70 فیصد یا اس سے زائد پائی جاتی ہو، صرف وہی جراثیم کا خاتمہ کر سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کچھ لوگ موبائل فونز کے متعلق بھی خدشات کا شکار ہیں کہ موبائل فون کے ذریعے بھی کورونا وائرس لاحق ہو سکتا ہے؟
لیکن ڈاکٹر شیام راجا موہن کا کہنا ہے کہ موبائل فون چونکہ ایک ہی آدمی استعمال کرتا ہے لہٰذا اس کے ذریعے وائرس لاحق ہونے کا احتمال بہت کم ہے۔ اگر آپ کا موبائل فون کسی کورونا وائرس کے مریض کے پاس جاتا ہے تو پھر آپ کو اس سے وبا لاحق ہو سکتی ہے۔ عام صورت میں آپ کو ایسی سطحوں اور چیزوں کو چھونے سے گریز کرنا چاہیے جنہیں ایک سے زائد لوگ ہاتھ لگاتے ہیں۔ پبلک ٹرانسپورٹ میں اس احتیاط کی خاص ضرورت ہے۔
Comments are closed on this story.