لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو شکست دے کر تاریخ رقم کردی
لاہور: پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کے 24 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی بار پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کی ٹیم نے پشاور زلمی کی جانب سے دیا گیا 188 رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کرلیا۔ ڈیوڈ ویزے نے شاندار چھکا لگا کر لاہور قلندرز کو میچ جتوایا۔
David Wiese finish in style 6#LQvsPz#LahoreQalandars#Wiese pic.twitter.com/vFCt2MbcZa
— Mubashir Nazir 🇵🇰❣️🇹🇷 (@Mubasharchemist) March 10, 2020
لاہور کی جانب سے فخر زمان نے 63، کرس لین نے 59 اور کپتان سہیل اختر نے 21 رنز بنائے۔ ڈیوڈ ویزے اور سمت پٹیل نے بالترتیب 17 اور 11 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلیں۔
پشاور زلمی کے کارلوس بریتھویٹ نے 3 جبکہ کپتان وہاب ریاض نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز اسکور کئے۔ حیدر علی نے 69 اور شعیب ملک نے 62 رنز اسکور کئے تھے۔
اس کے علاوہ کارلوس بریتھویٹ نے ناٹ آؤٹ 16 اور کامران اکمل نے 12 رنز بنائے تھے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے تین، سمت پٹیل نے دو جبکہ دلبر حسین اور ڈیوڈ ویزے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔
فخر زمان کو 63 رنز کی زبردست اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
لاہور قلندرز نے آج کے میچ میں کون کونسے اعزازات اپنے نام کئے؟
٭ لاہور قلندرز کی ٹیم پاکستان سپر لیگ کی 5 سالہ تاریخ میں پہلی بار پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر آگئی۔
٭ لاہور قلندرز کی ٹیم نے پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی بار لگاتار 3 میچز جیتنے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔
٭ لاہور قلندرز کی ٹیم نے پہلی بار پاکستان سپر لیگ کے کسی بھی سیزن میں 4 میچز جیتنے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔
Comments are closed on this story.