Aaj News

پیر, نومبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Awwal 1446  

لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 8 وکٹوں سے آؤٹ کلاس کردیا

شائع 07 مارچ 2020 05:05pm

لاہور: پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کے 21 ویں میچ میں لاہور قلندرز  نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 8 وکٹوں سے آؤٹ کلاس کردیا۔ یہ ایونٹ میں لاہور قلندرز کی دوسری کامیابی ہے۔

قذافی کرکٹ اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کی ٹیم نے کوئٹہ کی جانب سے دیا گیا 99 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر 12 ویں اوور میں ہی پورا کرلیا۔

محمد حفیظ 22 اور بین ڈنک 18 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ فخر زمان 20 اور کپتان سہیل اختر 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کوئٹہ کے محمد نواز نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل لاہور کی دعوت پر کوئٹہ کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 98 رنز بنائے تھے۔

لاہور کے گیند بازوں نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کیا تھا اور محض 21 رنز پر 6 بلے بازوں کو چلتا کردیا تھا مگر اس کے بعد نچلے نمبروں کے بلے بازوں نے مزاحمت دکھاتے ہوئے اسکور کو 98 رنز تک پہنچایا تھا۔

کوئٹہ کے سہیل خان نے 32، زاہد محمود نے ناٹ آؤٹ 19 اور محمد نواز نے 10 رنز اسکور کئے تھے۔ اس کے علاوہ کوئی بلے باز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکا تھا۔

قلندرز کے سمت پٹیل نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے 4 اوورز کے کوٹے میں محض 5 رنز دے کر 4 اہم بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اس کے علاوہ شاہین شاہ آفریدی اور راجا فرزان نے دو دو جبکہ سلمان ارشاد نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

سمت پٹیل کو تباہ کن گیند بازی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا ہیرو قرار دیا گیا۔