Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

کورونا وائرس: خانہ کعبہ کے صحن کے استعمال پر بھی پابندی عائد

شائع 07 مارچ 2020 03:47am

مکّہ: کورونا وائرس کے  پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سعودی عرب نے بھی خصوصی اقدامات کیے ہیں۔ جہاں ایک جانب عمرے پر عارضی پابندی لگادی گئی ہے وہیں خانہ کعبہ کے صحن کے استعمال پر بھی پابندی ہے۔

مسجدالحرام کی صرف چھت اور برآمدے سے خانہ کعبہ کے طواف کی اجازت ہے، مدینہ منورہ میں بھی مسجد نبوی کا پرانا حصہ، ریاض الجنہ اور روضہ شریف بھی عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے۔

مسجد الحرام اور مسجد نبوی کی نئی عمارت فجر سے ایک گھنٹے پہلے کھلنے اور عشاء کی نماز سے ایک گھنٹے بعد بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سعودی عرب میں اس وقت کورونا وائرس کے پانچ مریض رپورٹ ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔ مرنے والوں کی تعداد تین ہزار دو سو تیراسی ہوگئی۔

سب سے زیادہ ہلاکتیں چین ، ایران اور اٹلی میں رپورٹ ہوئی ہیں۔ ایران اور اٹلی میں صورتحال زیادہ سنگین ہونے لگی ہے۔

ایران میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران  مزید بارہ سو مریضوں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد ایک سو چوبیس ہوگئی ہے۔

چین میں ایک سو تینتالیس نئے کیسے رپورٹ ہوئے ہیں چین میں اموات تین ہزار بیالیس ہوگئی ہیں جبکہ اسی ہزار پانچ سو باون افراد کورونا وائرس میں رپورٹ ہوئے ہیں۔

چین اور ایران کے بعد سب سے زیادہ متاثرہ ملک اٹلی سامنے آیا ہے جہاں مزید اکتیس اموات ہوئی ہیں اور مجموعی طور پر ایک سو اڑتالیس افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

اٹلی کے بائیس حصوں میں اس وقت یہ وائرس پھیل چکا ہے اور یہاں تمام تعلیمی ادارے بند کردیے گئے ہیں۔

جاپان میں بھی پانچ مزید کیس رپورٹ ہوئے ہیں یہ تمام افراد اٹلی سے جاپان پہنچے تھے۔

امریکا کی انیس ریاستوں میں چودہ ہلاکتیں جبکہ دوسوانیس کیسز رپورٹ ہوئے۔ وائٹ ہاؤس نے اعتراف کیا کہ تشخیص کےلیے ٹیسٹنگ کٹس ناکافی ہیں۔ کانگریس نےآٹھ ارب تیس کروڑ کا ایمرجنسی بل منظور کرلیا ہے۔

بھارت میں بھی کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد اکتیس ہوگئی ہے جس کے بعد نئی دہلی کے تمام اسکول اکتیس مارچ تک بند کردیے گئے ہیں۔