Aaj News

منگل, دسمبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 30 رنز سے پچھاڑ دیا

شائع 05 مارچ 2020 06:39pm

راولپنڈی: پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کے 18 ویں میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 30 رنز سے شکست دے دی، میچ بارش کے باعث 15 اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم پشاور زلمی کی جانب سے دیا گیا171 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بناسکی۔

کوئٹہ کے جیسن روئے 45، شین واٹنس 19، محمد نواز 18 اور بین کٹنگ 17 رنز بناسکے۔ پشاور کے کپتان وہاب ریاض نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اس کے علاوہ راحت علی نے 2 جبکہ حسن علی اور یاسر شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل کوئٹہ کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پشاور زلمی نے 15 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز اسکور کئے تھے۔ شعیب ملک نے جارحانہ نصف سینچری بناتے ہوئے 54 رنز اسکور کئے۔

اس کے علاوہ حیدر علی نے 39، کامران اکمل نے 23، لوئس گریگری نے 19 اور لیونگ اسٹون نے 12 رنز اسکور کئے تھے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد حسنین نے 3 اوورز میں 34 رنز کے عوض زلمی کے 4 بلے بازوں کو ٹھکانے لگایا تھا۔ اس کے علاوہ سہیل خان اور بین کٹنگ بھی ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے تھے۔

فاتح ٹیم کے شعیب ملک کو شاندار نصف سینچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔