'بطور کھلاڑی ٹیم کیلئے جو کرنا چاہتا تھا، فارم اور فٹنس کی وجہ سے نہ کرسکا'
راولپنڈی: پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے کپتانی سے استعفیٰ دے دیا اور انہیں آئندہ 2 سال کیلئے ٹیم کا ہیڈکوچ مقرر کردیا گیا۔ سیزن فائیو میں اب ٹیم کی قیادت وہاب ریاض کریں گے جبکہ محمد اکرم بدستور پشاور زلمی کے ڈائریکٹر کرکٹ اور بولنگ کوچ ہیں۔
ڈائریکٹر کرکٹ پشاور زلمی محمد اکرم کہتے ہیں کہ ڈیرن سیمی کی پشاور زلمی اور پاکستان کرکٹ کیلئے خدمات یاد رکھی جائیں گی، فیصلہ ٹیم کے مفاد، سیمی کی مشاورت اور رضامندی سے کیا گیا ہے۔
اس موقع پر ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ کھیلنے کی جستجو برقرار ہے لیکن ٹیم سے بڑھ کر کچھ نہیں، پشاور زلمی کیلئے میرا جنون بطور ہیڈکوچ برقرار رہے گا۔
چیئرمین پشاور زلمی جاوید آفریدی کا کہنا ہے کہ ڈیرن سیمی نے فیصلے سے ایک بار پھر خود کو لیڈر ثابت کیا۔
پشاور زلمی نے ڈیرن سیمی کی جگہ وہاب ریاض کو سیزن فائیو کے لیے ٹیم کا کپتان مقرر کردیا ہے۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ڈیرن سیمی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پشاور زلمی کے ڈائریکٹر کرکٹ محمد اکرم نے کہا ڈیرن سیمی اور ٹیم مینجمنٹ کی مشاورت سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ایچ بی ایل سیزن فائیو میں وہاب ریاض پشاور زلمی کے کپتان مقرر کیا گیا ہے جبکہ ڈیرن سیمی آج سے لیکر آئندہ دو سال کیلئے پشاور زلمی کے ہیڈکوچ ہوں گے۔
محمد اکرم نے واضح کیا کہ ڈیرن سیمی کا پشاور زلمی سے کنٹریکٹ پلئیر اور مینٹور کا ہے۔ جس کے رولز کے مطابق سیمی اگر ٹیم مینجمنٹ نے مشترکہ طور پر فیصلہ کیا تو رواں پی ایس ایل سیزن میں ہیڈکوچ کی ذمہ داریوں کے ساتھ بطور کھلاڑی بھی دستیاب ہوں گے۔
محمد اکرم نے مزید کہا کہ ویسٹ انڈیز کو دو مرتبہ ورلڈ چیمپئن بنانے والے ڈیرن سیمی نے پشاور زلمی اور پاکستان کرکٹ کیلئے جو خدمات کی وہ یاد رکھی جائے گی۔
ڈیرن سیمی نے کہا کہ وہ بطور کپتان ہمیشہ اس نظرئیے کے حامی رہے کہ کوئی بھی ٹیم سے بڑھ کر نہیں۔ پی ایس ایل فائیو میں وہ بطور کھلاڑی پشاور زلمی کیلئے جو کرنا چاہتے تھے وہ اپنی فارم اور فٹنس کی وجہ سے نہ کرسکے۔ جس کے بعد مشترکہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ ان کی جگہ وہاب ریاض پشاور زلمی کے کپتان ہوں گے۔
ڈیرن سیمی نے مزید کہا کہ وہ بطور ہیڈکوچ پشاور زلمی کو بہترین ٹیم بنانے پر کام کریں گے جس کیلئے انہیں چیئرمین پشاور زلمی جاوید آفریدی، ڈائریکٹر کرکٹ محمد اکرم اور پوری ٹیم کی بھرپور سپورٹ حاصل ہے۔
پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے کہا کہ پشاور زلمی صرف ایک ٹیم بلکہ ایک فیملی ہے۔ محمد اکرم اور ڈیرن سیمی نے کھلاڑیوں کے ساتھ مل کر زلمی کو یک جان اور ٹیم بنایا۔ موجودہ فیصلہ اس بات کا عکاسی ہے کہ ڈیرن سیمی، محمد اکرم اور ٹیم زلمی کا ہر رکن ذاتی مفاد سے بڑھ کر ٹیم کیلئے سوچتا ہے۔
واضح رہے کہ محمد اکرم بطور پشاور زلمی ڈائریکٹر کرکٹ اور بولنگ کوچ برقرار ہیں جبکہ ڈیرن سیمی ہیڈکوچ اور کھلاڑی ہوں گے۔
Comments are closed on this story.