Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

  پاکستان اور بھارت کے درمیان پانی پر جنگ کے خدشے کا اظہار

اپ ڈیٹ 05 مارچ 2020 06:39am

نئی دہلی: بھارت نے آبی جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کا پانی روکنے کا ایک اور منصوبہ بنالیا ہے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق اس منصوبے کے تحت بھارت دریائے راوی اور دریائے اجھ کا پانی پاکستان آنے سے روکنے کے لئے دریاﺅں کا رخ تبدیل کررہا ہے۔

دریائے راوی کی ایک شاخ مقبوضہ کشمیر سے ہوتی ہوئی پاکستان میں آتی ہے، بھارتی میڈیا نے غیر ملکی میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اس ضمن میں ایک ٹیکنکل رپورٹ تیار کی گئی ہے جو سرکاری سطح پر منظوری کی منتظر ہے۔

گزشتہ سال بھارتی وزیر نٹن گاڈکاری نے کہا تھا کہ بھارت تین بڑے ڈیم بنائے گا جس سے بھارتی پانی کو پاکستان میں جانے سے روکا جاسکے گا۔

دوسری جانب ایک اور رپورٹ میں سابق امریکی سفیر کیمرون منٹر نے  پاکستان اور بھارت کے درمیان پانی پر جنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

اسلام آباد میں منعقدہ عالمی اسٹریٹجک خطرات اور ردعمل پر بین الاقوامی کانفرنس سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیمرون منٹر نے کہا کہ دنیا کو اس وقت 3 اہم مسائل کا سامنا ہے جو ماحولیات، ٹیکنالوجی اور ملکوں کے اندرونی مسائل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں ٹیکسٹائل مصنوعات کا منافع کم ہوتا جا رہا ہے، اس لیے پاکستان کو اپنی معیشت کا دارومدار ٹیکسٹائل کی بجائے ٹیکنالوجی پر کرنا ہوگا جب کہ پاکستانی نوجوانوں کو سافٹ ویئر اور آئی ٹی سے متعلق مہارت حاصل کرنا ہوگی۔

سابق امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ بطور امریکی سفیر پاکستان کے مسائل سے اپنے ملک کو آگاہ کیا، میرے نزدیک پاکستان اور بھارت کے درمیان پانی پر جنگ ہوسکتی ہے۔