Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ایران کے تقریباً تمام صوبے کرونا وائرس سے متاثر ہوچکے: حسن روحانی

اپ ڈیٹ 05 مارچ 2020 07:29am
فائل فوٹو

تہران: ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ملک کے تقریباً تمام صوبوں میں نیا کرونا وائرس پھیل چکا ہے اور تمام صوبوں میں اس سے متاثرہ افراد موجود ہیں۔

انہوں نے بدھ کو اپنی ویب سائٹ پر جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ 'یہ بیماری پھیل چکی ہے۔ یہ ہمارے قریباً تمام صوبوں میں پہنچ چکی ہے اور ایک طرح سے یہ ایک عالمی بیماری بن چکی ہے۔'

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے منگل کے روز کہا تھا کہ 'ایران میں اس کرونا وائرس کا پھوٹ پڑنا کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے۔'

انہوں نے شہریوں پر زوردیا تھا کہ وہ وائرس سے بچاؤ کے لیے دعائیں کریں۔

ایران کی نیم سرکاری خبررساں ایجنسی "مہر" نے آیت اللہ خامنہ ای کا ایک بیان نقل کیا تھا کہ 'یہ آفت کوئی بڑا مسئلہ نہیں۔ ماضی میں تو ہمیں اس سے بڑی آفتوں کا سامنا رہا ہے۔'

ایرانی پارلیمان کے ڈپٹی اسپیکر عبدالرضا مصری نے گذشتہ روز ایک بیان میں بتایا تھا کہ پارلیمان کے 23 ارکان کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ ایران کے سرکاری میڈیا نے اس مہلک وائرس سے عدلیہ کے ایک اعلیٰ افسر کی ہلاکت کی بھی اطلاع دی ہے۔

ایران میں کرونا وائرس سے اب تک 92 مارے جاچکے ہیں اور اس مہلک وائرس سے متاثرہ 586 نئے کیس آئے ہیں، جس کے بعد ملک بھر میں متاثرین کی تعداد 2922 ہوگئی ہے۔

تاہم ماہرین اس خدشے کا اظہار کررہے ہیں کہ ایرانی نظام اس مہلک وائرس کا شکار ہو کر مرنے والوں اور متاثرین کے درست اعداد وشمار جاری نہیں کررہا ہے۔