طالبان معاہدے کے کچھ نکات خفیہ رکھے گئے ہیں، مائک پومپیو
واشنگٹن: امریکی وزیر دفاع مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ طالبان کے ساتھ معاہدے کے بعض نکات خفیہ رکھے گئے ہیں۔ صدر ٹرمپ صرف کاغذ پر لکھے لفظوں کے پابند نہیں طالبان کا طرز عمل دیکھ کر مستقبل کا لائحہ عمل طے کریں گے۔
امریکی نیوز چینل کو انٹرویو میں مائیک پومپیونے کہا کہ معاہدے کی عام کی گئی دستاویز کے علاوہ فوج کے اہلکاروں کی حفاظت کے پیش نظر عمل درآمد سے متعلق کچھ نکات کو خفیہ رکھا گیا ہے۔
انٹرویو میں پوچھا گیا کہ کیا انہیں طالبان کے القاعدہ سے تعلقات قطع کرنے کے وعدے پر بھروسا ہے؟ جس کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ یہ اعتماد کرنے یا نہ کرنے کا سوال نہیں، اس کا تعلق زمینی حقائق اور عملی اقدامات سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس دن معاہدے پر دستخط ہوئے وہ دن اہم ضرور ہے تاہم آنے والے دن بھی اتنی ہی اہمیت کے حامل ہیں۔ان سے پوچھا گیا کہ افغان صدر اشرف غنی کا کہنا ہے طالبان کے 5 ہزار قیدیوں کی رہائی کا وعدہ نہیں کیا گیا، کیا وہ غلط کہہ رہے ہیں؟
اس پر پومپیو کا کہنا تھا کہ معاہدے کے دستاویز میں تمام متعلقہ فریقین کے مابین اعتماد قائم کرنے کے لیے اقدامات کرنے کا ذکر ہے اور اس عمل میں سب کو شامل رکھا جائے گا۔
Comments are closed on this story.