Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

نبیل گبول کا چیئرمین فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کے گھر پر دھاوا

اپ ڈیٹ 03 مارچ 2020 06:36am

کراچی: پیپلزپارٹی کے رہنما نبیل گبول اسلحہ تھامے چیئرمین فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کے گھر میں داخل ہو گئے۔ پہلے انہوں نے گاڑی گھر کے دروازے پر ماری، پھر اندر داخل ہوکر فائر بھی کیا، گارڈز بھی نبیل گبول کے ہمراہ تھے۔

معاملہ منظرعام پر آیا تو واقعے کا مقدمہ ڈیفنس تھانے میں درج کرلیا گیا۔ مقدمہ چیئرمین فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کے چوکیدار کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

بنگلے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی، فوٹیج میں اسلحہ تھامے نبیل گبول کو دیکھا جاسکتا ہے۔

دوسری جانب مقدمہ درج ہونے کے بعد نبیل گبول کی وضاحت بھی سامنے آگئی۔

نبیل گبول کہتے ہیں فائرنگ کرنے کا الزام بے بنیاد ہے۔ لیاری کے لوگ چیئرمین فشریز کیخلاف کرپشن کی شکایات کررہے تھے، اسی وجہ سے ان سے فون پر تلخ کلامی بھی ہوئی۔

نبیل گبول نے کہا کہ وہ سردار لطیف کھوسہ کو چیئرمین فشریز کی شکایت کرنے گئے تھے۔ جبکہ گاڑی دروازے پر اس لیے ماری کہ سب سو رہے تھے کوئی دروازے پر نہیں آیا۔

یہ بھی کہا کہ سیکیورٹی گارڈ کے ہاتھ سے جو گن پکڑی تھی وہ خراب تھی۔ صرف یہ بتانے کے لیے گن اٹھائی تھی کہ اسے ٹھیک کر والو۔