Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

مہنگے ترین فون میں دستیابی سے قبل ہی مسائل سامنے آگئے

اپ ڈیٹ 02 مارچ 2020 10:18am
سائنس

ایس 20 الٹرا اب تک کا مہنگا ترین فون ہے جس میں پہلی بار 108 میگا پکسل کیمرا اور 16 جی بی ریم کا آپشن دیا گیا ہے۔

مگر فون کو فروخت کے لیے پیش کیے جانے سے قبل ہی اس میں مسائل پیدا ہورہے ہیں اور اسی وجہ سے کمپنی نے ان کو ٹھیک کرنے کے لیے کام بھی شروع کردیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس فون کے کچھ ریویوز میں بتایا گیا تھا کہ ایس 20 الٹرا کے کیمرا کو فوکس کرنے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے جس کے نتیجے میں کئی بار تصاویر دھندلی ہوجاتی ہیں جبکہ کئی بار کیمرا سبجیکٹ کو لاک ہی نہیں کرپاتا۔

اب کمپنی نے اس مسئلے پر بیان جاری کرتے ہوئے فوری طور پر سافٹ ویئر اپ ڈیٹ پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تاہم کمپنی نے یہ بتانے سے انکار کیا کہ یہ اپ ڈیٹ کب تک جاری کی جائے گی۔

بیان میں کہا گیا کہ ‘گلیکسی ایس 20 میں تاریخ ساز اور جدید ترین کیمرا سسٹم دیا گیا ہے، ہم صارفین کو بہترین تجربہ فراہم کرنے کے لیے کارکردگی مین بہتری لانے سے متعلق مسلسل کام کررہے ہیں، اسی کوشش کے طور پر کیمرا سسٹم کے لیے ایک اپ ڈیٹ پر کام کیا جارہا ہے’۔

گلیکسی ایس 20 الٹرا کی قیمت 14 سو ڈالرز (2 لاکھ 16 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) سے شروع ہوتی ہے، جس میں بیک پر 4 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے جس میں 108 میگا پکسل، 48 میگا پکسل، 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 0.3 میگا پکسل ٹی او ایف تھری ڈی کیمرا شامل ہے۔

فون کے فرنٹ پر 40 میگا پکسل کیمرا دیا گیا ہے اور یہ دنیا کا پہلا فون ہے جس میں 40 میگا پکسل سیلفی کیمرا دیا گیا ہے۔

یہ فون 11 فروری کو ایک ایونٹ کے دوران متعارف کرایا گیا تھا اور مارچ میں مختلف ممالک میں صارفین کو دستیاب ہوگا۔

پاکستان میں یہ فون پری آرڈر میں دستیاب ہے جس کے 12 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والے ماڈل کی قیمت 2 لاکھ 19 ہزار 999 روپے رکھی گئی ہے۔