Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

کروناوائرس کے شکار ایرانی رکن پارلیمنٹ کی موت، نائب صدر کی حالت تشویشناک

اپ ڈیٹ 02 مارچ 2020 09:50am

ایران میں کرونا وائرس کا شکار ہونے والے ایک رکن پارلیمنٹ محمد علی رمضانی چند روز تک زندگی موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد گذشتہ روز انتقال کر گئے تھے۔

ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق کرونا کا شکار ہونے والے پانچ دوسرے ارکان پارلیمنٹ اور نائب صدر کی حالت بھی تشویشناک ہے۔

دوسری جانب ایرانی حکومت نے غیر سرکاری ذرائع ابلاغ میں کرونا سے ہونے والی ہلاکتوں سے متعلق اعداد وشمار کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ایران میں کرونا وائرس کے نتیجے میں صرف 34 افراد کی اموات واقع ہوئی ہیں۔

ایران کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق کرونا سے متاثرہ رکن پارلیمنٹ محمد علی رمضانی انتقال کرگئے ہیں جب کہ ایکسپیڈنسی کونسل کے رکن محمد میر محمدی اس وقت کوما میں ہیں۔

ایکسپیڈینسی اتھارٹی کے ایک رکن فرید الدین حداد عادل ابن غلام علی حداد عادل جو کہ سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای کے برادر نسبتی ہیں کے کرونا کا شکار ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ ایران کے سابق وزیر انصاف مصطفیٰ بورمحمدی بھی کرونا کی لپیٹ میں ہیں۔ بور محمدی پر سنہ 1988ء کو انقلاب مخالف قیدیوں کو اجتماعی طور پر موت کےگھاٹ اتارنے میں ملوث قرار دیا جاتا ہے۔

ایران میں کرونا کے پھیلاؤ اور اس کے نتیجے میں ہونے والی اموات کے بارے میں سرکاری اور غیر سرکاری ذرائع ابلاغ میں غیرمعمولی فرق بیان کیا جا رہا ہے۔

قم شہر کی ایک میڈیکل یونیورسٹی کے سیکرٹری علی ابرازہ نے بتایا کہ کامکار، فرقانی، امام الرضا اور علی بن ابی طالب اسپتالوں میں کرونا کے 652 مریضوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔