Aaj News

منگل, دسمبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

بلوچستان: کورونا وائرس کیخلاف صوبائی حکومت مستعد

شائع 26 فروری 2020 03:54pm

کوئٹہ ۔وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کورونا وائرس کی روک تھام اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے پوری طرح مستعد ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں ایران میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے تناظر میں بلوچستان کے راستے ایران سے آنے والے زائرین، تاجروں اور دیگر پاکستانیوں اور غیرملکیوں کی اسکریننگ اور تشخیص سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں اس ضمن میں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے سے اتفاق کیا گیا جس کے لئے وفاقی حکومت صوبائی حکومت کو معاونت فراہم کرے گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تفتان میں قائم پاکستان ہاؤس کو فوری طور پر آئیسولیشن وارڈ میں تبدیل کیا جائے گا جبکہ چمن اور دیگر انٹری پوائنٹس پر بھی دستیاب عمارتوں میں آئیسولیشن وارڈ کی سہولیات اور تھرمو گنز  فراہم کی جائیں گی اور ڈاکٹروں اورطبی عملہ کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا جبکہ کوئٹہ میں شیخ زید ہسپتال میں آئیسولیشن وارڈ اور کسی مناسب سرکاری عمارت میں قرنطائن قائم کیا جائے گا۔

وفاقی مشیر صحت نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے کرونا وائرس سے بچاؤ، تدارک اور تشخیص کے لئے ایس او پیز بنائی ہیں جن میں فضائی، بحری اور سمندری راستے سے چین اور ایران سے آنے والے مسافروں کی اسکریننگ لازمی قرار دی گئی ہے اور کسی بھی مسافر میں کرونا وائرس کی موجود گی کی صورت میں اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جائے گا۔