وزیراعظم کی مبینہ تضحیک پر کامیڈین خالد بٹ کے خلاف کارروائی
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی مبینہ تضحیک پر مبنی مواد نشر کرنے پر خلاف ایف آئی اے کو درخواست دے دی گئی۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت علی جوئیہ نے معروف کامیڈین خالد بٹ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایف آئی اے کو درخواست دی، جس میں پروگرام کے کرداروں اور پروڈیوسر کے خلاف سائبر کرائم قوانین کے تحت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
درخواست گزار شوکت علی جوئیہ نے پروگرام میں "مزاحیہ کردار" ادا کرنے والے مرتضیٰ چوہدری عرف خالد بٹ اور مصطفیٰ چوہدری کو نامزد کرتے ہوئے 29 جنوری کے پروگرام کا حوالہ دیا ہے اور ایف آئی اے سے استدعا کی گئی ہے کہ اس ویڈیو کلپ کو نشر کرنے والے تمام افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔
اس حوالے سے بات کرتے ہوئے مصطفیٰ چوہدری نے کہا کہ انہیں ابھی تک ایف آئی اے کی جانب سے کوئی اطلاع تو نہیں دی گئی، تاہم سوشل میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا ہے کہ ان کے خلاف درخواست دی گئی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کے پروگرام کا مقصد کسی کی دل آزاری نہیں بلکہ مشکلات کا شکار ناظرین کو تفریح فراہم کرنا ہے، دنیا بھر کے پڑھے لکھے معاشروں میں اس طرح کے مزاحیہ پروگرام عوام کی تفرریح کے لیے پیش کیے جاتے ہیں، لوگ غربت کی وجہ سے خودکشیاں کر رہے ہیں اور ہم انہیں تھوڑی تفریح دینا چاہتے ہیں۔
Comments are closed on this story.