پی ٹی آئی نے عدلیہ سے محاذ آرائی شروع کردی، نفیسہ شاہ
پیپلزپارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹرنفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے پارلیمنٹ اورالیکشن کے بعد عدلیہ کے ساتھ محاذ آرائی شروع کردی ہے۔ اٹارنی جنرل کے استعفے میں دیکھنا ہوگا کہ وزیراعظم اور صدر کی مداخلت ہے کہ نہیں ، اس حوالے سے جی آئی ٹی بننی چاہئے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نفیسہ شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پارلیمنٹ،الیکشن کمیشن،اپوزیشن اور صوبہ سندھ کے بعد اب عدلیہ سے محاذ آرائی شروع کردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صرف اٹارنی جنرل کو نہیں بلکہ وزیرقانون اور شہزاد اکبر کو گھر جانا چاہئے۔ اٹارنی جنرل کے استعفے میں دیکھنا ہوگا کہ وزیراعظم اورصدرکی مداخلت ہے کہ نہیں ، اس حوالے سے جی آئی ٹی بننی چاہئے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ پاکستانی معیشت مزید خرابی کی جانب گامزن ہے، چیئرمین ایف بی آر لاپتہ ہیں۔
نفیسہ شاہ نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو واپس آکر اپنا کردارادا کرنا چاہئے،اس وقت اپوزیشن کا کردار بلاول بھٹو زرداری ادا کر رہے ہیں جو ملک کے مختلف حصوں میں جاکر عوام کو آگاہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک دن اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر نے 13سے14قوانین پاس کردئیے جبکہ اپوزیشن پارلیمنٹ اور کمیٹیوں میں بھی احتجاج کر رہی ہے۔ پلوشہ خان نے کہا عدلیہ کے خلاف محاذ آرائی پر اپوزیشن پارٹیوں کو ملکر باہر نکلنا چاہئے۔
Comments are closed on this story.