Aaj News

منگل, دسمبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

لندن سے نواز شریف کے بارے میں افسوسناک خبر آگئی

اپ ڈیٹ 23 فروری 2020 06:15am

لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے نواز شریف کی صحت میں کوئی بہتری نہیں آئی، ان کے 7 میں سے 2 اسٹنٹ کام کرنا چھوڑ گئے ہیں۔ ضروری ہے کہ سابق وزیراعظم کا پہلے دل کا علاج کرایا جائے۔

پنجاب سول سیکرٹیریٹ میں میاں نواز شریف کی درخواست ضمانت کے حوالے سے اجلاس ہوا جس کی صدارت وزیر قانون راجہ بشارت نے کی۔ عطاء اللہ تارڑ کی جانب سے کمیٹی کو بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کی موجودہ صحت کی صورتحال سے کمیٹی کو آگاہ کر دیا ہے۔ دیگر امراض کے علاج سے پہلے انتہائی ضروری ہے کہ ان کا دل درست حالت میں ہو۔

عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کی حالیہ میڈٰیکل رپورٹس کے مطابق ان کے 2 اسٹنٹس کام نہیں کر رہے۔ ہم نے اس سلسلے میں کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دے دی ہے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کے گردے بھی متاثر ہوئے ہیں۔ ہم نے ان کے طبی معالج ڈاکٹر ڈیوڈ لارنس کی رپورٹس کمیٹی کو جمع کروا دی ہیں۔ پلیٹ لیٹس اور دیگر امراض کا علاج بعد میں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بورڈ نے بریفنگ لے لی ہے، ہم مثبت جواب کیلئے پرامید ہیں۔ ڈاکٹر ڈیوڈ لارنس کے مطابق جب تک علاج مکمل نہیں ہوگا، نواز شریف وطن واپس نہیں آسکیں گے۔