Aaj News

منگل, دسمبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ایس ایل 5 کی افتتاحی تقریب، انتظامی ٹیم میں 132 بھارتیوں کی موجودگی کا انکشاف

اپ ڈیٹ 23 فروری 2020 08:00am

معروف ٹی وی میزبان وقار زکا نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب کے حوالے سے بہت بڑا انکشاف کیا ہے۔

جہاں مداحوں کو اتنی بڑی تقریب کا بے صبری سے انتظار تھا وہیں اس مایوس کُن تقریب کے پیچھے بھارتی ایونٹ پلانر اور ان کے 132 بھارتی لوگوں مشتمل ٹیم کا انکشاف ہونے پر مداح آگ بگولا ہو گئے۔

وقار زکا نے حکام کو آئینہ دکھاتے ہوئے کہا کہ پاکستنی میڈیا انڈسٹری کے ہزاروں ٹیلنٹڈ لوگ بے روزگار بیٹھے ہیں، ایسے میں کیا ضرورت پڑ گئی تھی کہ بھارت سے ان لوگوں کو بلایا گیا؟

انہوں نے استفسار کیا کہ ایونٹ کی جو رقم بھارت پلانر کو دی جائے گی اس میں کتنا ٹیکس حکومت کو ملے گا؟

وقار زکا نے کہا بھارت میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی ہے، ہم نے کیوں بھارتی خدمات حاصل کیں؟ کیا کشمیر کو بھول گئے ہیں؟

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب کے انتظام کو بھارتی ایونٹ پلانر و ڈائریکٹر  شبھرا بھردواج کے سپرد کیا گیا تھا۔

سوشل میڈیا پر یہ بحث جاری ہے کہ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کی ذمہ داری پاکستانی اداکار ندیم جعفری کو دی گئی تھی، ندیم جعفری کی این جے  پروڈکشن کمپنی نے پی ایس ایل 5 کے افتتاحی پروگرام کا انعقاد کیا تھا اور اس ضمن میں انہوں نے  بھارتی ہدایت کار شبھرا بھردواج کی خدمات حاصل کیں۔

وقار زکا نے اپنی ویڈیو میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا پاکستان کے لیے اس اہم ترین موقع پر بھارتی ایونٹ پلانر کا انتخاب کرنا سمجھ سے بالاتر تھا۔

مداحوں کو ہر سال پی ایس ایل کا بے چینی سے انتظار  ہوتا ہے اور ایسے میں اس سال کی افتتاحی تقریب نے شائقین کرکٹ کو  بے حد مایوس کیا۔