Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

ایڈووکیٹ خالد جاوید خان نئے اٹارنی جنرل تعینات،نوٹیفیکیشن جاری

اپ ڈیٹ 22 فروری 2020 10:53am
فائل فوٹو

اسلام آباد: ایڈووکیٹ خالد جاوید خان کو نیا اٹارنی جنرل تعینات کر دیا گیا۔

صدرمملکت عارف علوی نے تعیناتی کی منظوری دے دی، جس کے بعد وزارت قانون نے تعیناتی کا نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا۔

واضح رہے کہ سابق اٹارنی جنرل آف پاکستان انور منصور خان نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، انہوں نے استعفیٰ صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بھجوایا، جس میں مطالبہ کیا گیا کہ استعفیٰ فوری طور پر قبول کیا جائے۔

صدرمملکت کو بھجوائے گئے استعفے میں انور منصور خان نے لکھا کہ پاکستان بار کے مطالبے پر مستعفی ہو رہا ہوں کیونکہ پاکستان بار کونسل نے تعیناتی پرسوال اٹھائے تھے۔

استعفے میں مزید کہا گیا کہ کراچی بار، سندھ بار اورسپریم کورٹ بارایسوسی ایشن کے تاحیات ممبر ہیں،آئین کی حکمرانی کے لیے دیانت داری سے کام کیا۔

دوسری جانب وزارت قانون کی جانب سے سپریم کورٹ میں جواب جمع کروایا گیا، حکومت نے ججزسے متعلق اٹارنی جنرل انور منصور خان کے بیان سے لاتعلقی کا اظہار کردیا۔

سیکرٹری قانون نے کہاکہ 18 فروری کو اٹارنی جنرل نے عدالت میں ذاتی حیثیت سے بیان دیا، بیان غیر ضروری اور بغیرہدایات کے زبانی دیا، جس پر اٹارنی جنرل سے استعفیٰ طلب کیا گیاتھا۔

 جواب میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت عدلیہ کا بہت احترم کرتی ہے اور قانون کی حاکمیت پریقین رکھتی ہے ۔

بیرسٹر فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ حکومت نے انور منصور سے استعفیٰ طلب کیا، انور منصور سے کہا گیا کہ خود استعفیٰ دے دیں تو بہتر ہے، انور منصور نے بغیر اجازت سپریم کورٹ میں بیان دیا۔

میڈیا سے گفتگو میں فروغ نسیم نے مزید کہا تھا کہ حکومت کی طرف سے ایک جواب سپریم کورٹ میں جمع کرایا گیا ہے جس میں حکومت نے واضح کیا کہ انور منصور کا بیان حکومت کا مؤقف نہیں ہے۔