Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 10 رنز سے شکست دے دی

شائع 21 فروری 2020 02:05pm

کراچی: پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 10 رنز سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کی ٹیم کراچی کنگز کی جانب سے دیا گیا 202 رنز کا ہدف حاصل نہ کرسکی اور مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز بناسکی۔

پشاور کی جانب سے لیام لیونگ اسٹون 54 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیل کر نمایاں رہے، اس کے علاوہ کامران اکمل نے 43، کپتان ڈیرن سیمی نے 30، لیام ڈوسن نے 22 اور شعیب ملک 14 رنز بناسکے۔

کراچی کی جانب سے عمید آصف اور کرس جارڈن نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 2 جبکہ محمد عامر اور کیمرون ڈیلپورٹ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل کراچی نے پشاور زلمی کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز اسکور کئے تھے اور پشاور کو جیت کیلئے 202 رنز کا ہدف دیا تھا۔

کراچی کی جانب سے بابر اعظم نے 78، کپتان عماد وسیم نے 50، کیمرون ڈیلپورٹ نے 20، شرجیل خان نے 19 اور افتخار احمد نے 3 گیندوں پر 16 رنز بنائے تھے۔

پشاور زلمی کی جانب سے حسن علی نے 52 رنز دے کر دو جبکہ محمد محسن نے 35 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی تھی۔

کراچی کے بابر اعظم کو 78 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا۔