Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

ڈرامہ سیریل "عہد وفا" کے ناظرین کیلئے بری خبر

اپ ڈیٹ 18 فروری 2020 07:53am

لاہور: آئی ایس پی آر اور نجی ٹی وی چینل کے اشتراک سے بنائے گئے ڈرامہ سیریل "عہد وفا" پر پابندی کے لیے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے۔

لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈراما سیریل "عہد وفا" میں ملک کے سیاست دانوں اور میڈیا کی کردارکشی کی جا رہی ہے، اس سے بیرونی دنیا میں پاکستان کا مجموعی طور پر منفی تاثر پیدا ہورہا ہے۔ اس لئے عدالت "عہد وفا"  نشر کئے جانے پر پابندی عائد کرے۔

واضح رہے کہ سیفی حسن کی ہدایت کاری میں بننے والا ڈراما "عہدِ وفا"  4 دوستوں کی کہانی ہے، جس میں احد رضا میر، احمد علی اکبر، اسامہ خالد بٹ اور وہاج علی مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کے ہمراہ  زارا نور عباس، علیزے شاہ، حاجرہ یامین اور ونیزہ احمد بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ اس ڈرامے کو آئی ایس پی آر کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ ایک اہم کردار، شاہزین اعلیٰ تعلیم یافتہ بھی نہیں ہیں مگر اپنے دادا کے اثر و رسوخ کے باعث باآسانی رکنِ پارلیمان بن گئے ہیں۔

شاہزین بطور سیاست دان میڈیا پر اثرانداز ہو کر اپنے ہی دوست کو پہلے نوکری سے نکلواتے اور پھر دوبارہ ملازمت دلواتے دکھائی دیتے ہیں اور ساتھ ہی وہ سول سروس میں انتخاب کے نظام پر اثر انداز ہونے کی بات بھی کرتے ہیں۔

خیال رہے ڈراموں میں سیاست دانوں، میڈیا اور بیوروکریسی کو منفی کردار میں دکھانا کوئی نئی بات نہیں ہے، لیکن ماضی میں "الفا براوو چارلی" اور "سنہرے دن" میں ایسا دیکھنے میں نہیں آیا۔